پاکستان کا پی ایس ایل سمیت ہوم سیریز ملائشیا میں کرانے پر غور

جمعہ 16 فروری 2018 16:03

پاکستان کا پی ایس ایل سمیت ہوم سیریز ملائشیا میں کرانے پر غور
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16فروری2018ء)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے سٹیڈیمز کےلئے طویل مدتی معاہدے کی شرائط رکھنے کے بعد پی سی بی نے مستقبل میں ملائیشیا کے بارے میں غور شروع کردیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے شروع ہونے میں ایک ہفتے سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے اور چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کاکہنا ہے کہ وہ مارچ کے پہلے ہفتے میں ملائیشیا جا رہے ہیں جہاں وہ کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کریں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ شارجہ اور دبئی میں پی سی بی ہوم سیریز اور پی ایس ایل کے میچ کرواتی ہے، البتہ یو اے ای میں ہم سے وہاں کے سٹیڈیمز کےلئے طویل مدتی معاہدے کےلئے کہا جا رہا ہے جو ہمارے لئے ممکن نہیں ہے،وہ دن دور نہیں جب پاکستان کی ہوم سیریز اور پوری پی ایس ایل ملکی سٹیڈیمز پر ہوں گی لیکن اب جب یو اے ای میں جنوری میں افغانستان اپنی لیگ اور یو اے ای امارات لیگ کی منصوبہ بندی کر رہا ہے تو پی سی بی کےلئے یہ صورتحال تشویش کا باعث ہے۔نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھا کہ اگر ملائیشیا میں ہمارے کرکٹ کے معاملات طے ہوگئے تو یو اے ای کے برعکس ہمارے خرچے آدھے رہ جائیں گے۔

وقت اشاعت : 16/02/2018 - 16:03:52