لکی ون شاپنگ مال گلشن اقبال میں اسٹرائک نائٹ فٹبال کا میلہ

سول سوسائٹی سمیت مرد و خواتین اور بچوں کی بھرپور شرکت‘شہزاد پرویز بھٹی مہمان خصوصی تھے ضرورت اس بات کی ہے کہ محکمہ کھیل فٹبال کے ساتھ ساتھ دیگر کھیلوں کو بھی شاپنگ مالز میں متعارف کرائے‘ علاقہ معززین

پیر 19 فروری 2018 16:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) صوبائی وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش خان مہر کی ہدایت کے مطابق یورپ اور امریکہ کی طرز پر پاکستان میں بھی شاپنگ مال میں اسٹرائک نائٹ فٹبال کا میلہ سجایا گیا جس میں سول سوسائٹی سمیت مرد و خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی لکی ون شاپنگ مال گلشن اقبال میں ہونے والے اس مقابلے میں نو عمر بچوں نے شاندار کامیابیاں حاصل کیں‘ اسٹرائک نائٹ فٹبال ایک ایسا کھیل ہے جس میں شاپنگ مال کے فلور پر ایک گول پوسٹ نصب کیا جاتا ہے اور الیون یارڈ کی دوری سے ہر کھلاڑی کو ایک موقع دیا جاتا ہے کہ وہ گیند کو گول پوسٹ میں کک کرے اگر گول اسکور ہوجاتا ہے تو وہ کھلاڑی انعام کا مستحق قرار دیا جاتا ہے ان مقابلوں کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر اسپورٹس شہزاد پرویز بھٹی تھے ان کے ہمراہ پرائیویٹ سیکریٹری وزیر کھیل سندھ عادل احمد جمانی بھی موجود تھے ڈائریکٹر اسپورٹس نے اپنے خطاب میں کہا کہ یورپ اور امریکہ میں شاپنگ مالز میں تفریح کے عنصر کے طور پر اس کھیل کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ مال میں آنے والے لوگ شاپنگ کے ساتھ ساتھ ہلکی پھلکی تفریح سے بھی لطف اندوز ہو سکیں‘ ڈائریکٹر اسپورٹس نے کہا کہ صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر اور سیکریٹری اسپوٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈاکٹر نیاز علی عباسی کی خواہش تھی کہ اس قسم کے تفریحی پروگرام کو پاکستان میں بھی پرموٹ کیا جائے اس سے قبل پہلا پروگرام ہائپر اسٹار شاپنگ مال کلفٹن میں بھی ہو چکا ہے ہم چاہتے ہیں کہ آئندہ پروگرام حیدر آباد کے کسی شاپنگ مال میں کرائیں اور اس طرح بالترتیب میرپور خاص‘ لاڑکانہ‘ سکھر سمیت دیگر شہروں میں اپنا دائرہ کار بڑھاتے جائیں تاکہ ہر شہر کی خواتین و بچے اس قسم کے پروگرامز سے لطف اندوز ہو سکیں‘ علاقہ معززین اور شاپنگ مال میں آنے والے خواتین و مرد اور بچوں نے صوبائی وزیر کھیل ‘سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز اور ڈائریکٹر اسپورٹس کے اس اقدام کی حمایت کی اور کہا کہ کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کو شاپنگ مالز میں فروغ دینے سے گرائونڈز کی کمی کا ازالہ بھی ہو سکتا ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ محکمہ کھیل فٹبال کے ساتھ ساتھ دیگر کھیلوں کو بھی شاپنگ مالز میں متعارف کرائے بعد ازاں ڈائریکٹر اسپورٹس شہزاد پرویز بھٹی نے پرائیویٹ سیکریٹری عادل جمانی کے ہمراہ فاتح کھلاڑیوں میں میکلڈونلڈ کی جانب سے میل وائوچر تقسیم کئے۔

وقت اشاعت : 19/02/2018 - 16:30:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :