بھارتی اداکار کپل شرما کی طرف سے پشاور زلمی کی سپورٹ پر بھارت میں انہیں شدید تنقید کا سامنا

جمعہ 23 فروری 2018 14:00

لاہور۔23 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) بھارت کے نامور مزاحیہ اداکار کپل شرما کی طرف سے پی ایس ایل 3 میں شرکت کرنے والی ٹیم پشاور زلمی کی سپورٹ کرنے پر بھارت میں ان پر شدید تنقید ہورہی ہے تاہم کپل شرما کی سپورٹ بھی پشاور زلمی کے کام نہ آسکی اور اسے ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے میچ میں ہی ملتان سلطان کے ہاتھوں سات وکٹوں کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔

بھارتی ٹی وی کے مزاحیہ اداکار کپل شرما پاکستان کیلئے سافٹ کارنر رکھتے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ پی ایس ایل 3 میں پشاور زلمی کے بانی جاوید آفریدی نے جب کپل کو اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کیلئے مدعو کیا تو کپل انکار نہ کرسکے اور پاکستان سے محبت کی وجہ سے وہ پی ایس ایل 3 میں شرکت کرنے اور پشاور زلمی کو پروموٹ کرنے کیلئے ان دنوں دوبئی میں موجود ہیں، لیکن کپل شرما کی پی ایس ایل 3 میں شرکت بھارتی میڈیا کو سخت ناگوار گزررہی ہے یہاں تک کہ انہوں نے کپل کی حب الوطنی پر بھی سوالیہ نشان اٹھادئیے ہیں۔

(جاری ہے)

‘‘دوسری جانب کپل شرما پی ایس ایل3 میں شرکت کرنے پر بے حد خوش ہیں اور پشاور زلمی کو دل سے سپورٹ کررہے ہیں، جبکہ چند شرپسند اور ہندو انتہاپسندوں کی مخالفت کے باوجود گزشتہ روز اداکار انیل کپور کے چھوٹے بھائی سنجے کپور بھی پی ایس ایل 3 کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے اور پی ایس ایل کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پشاور زلمی کی ٹیم کی سپورٹ میں یہاں آئے ہیں،واضح رہے کہ آئی پی ایل(انڈین پریمیئرلیگ)میں پاکستانی فنکاروں کی عدم شرکت اور کھلاڑیوں کو نہ لیے جانے پر دنیا بھر میں آئی پی ایل کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے جبکہ پی ایس ایل 3 میں بھارتی فنکاروں کو مدعو کرکے انتظامیہ نے ثابت کردیا کہ فنکاروں کی آپس میں محبت چند بھارتی انتہا پسندوں کی نفرت سے کہیں اوپر ہے۔

وقت اشاعت : 23/02/2018 - 14:00:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :