پی ایس ایل 3 ،ْ ملتان سلطانز نے دفاعی چمپئن پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

ْشعیب ملک اور کمار سنگاکارا کی شاندار بیٹنگ نے ملتان سلطانز کو باآسانی 7 وکٹوں سے کامیابی دلادی

جمعہ 23 فروری 2018 17:30

پی ایس ایل 3 ،ْ ملتان سلطانز نے دفاعی چمپئن پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2018ء) پاکستان سپر لیگ میں شامل نئی ٹیم ملتان سلطانز نے اپنے پہلے ہی میچ میں دفاعی چمپئن پشاور زلمی کو شکست دیدی ،ْملتان کے کپتان شعیب ملک اور کمار سنگاکارا کی شاندار بیٹنگ نے ملتان سلطانز کو باآسانی 7 وکٹوں سے کامیابی دلادی ،ْسنگاکارا 57 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ،ْ کپتان شعیب ملک نے 42 رنز کی ناقابل شسکت اننگز کھیلی ،ْملتان سلطانز کو چھ گیندوں پر چھ رنز درکار تھے تاہم کپتان شعیب ملک نے آخری اوور کی پہلی ہی گیند پر چھکا لگاکر میچ ختم کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جیت کیلئے 152 رنز کا ہدف دیا۔پشاور کی جانب سے محمد حفیظ 59 اور ڈیرن سیمی 29 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ ملتان کے محمد عرفان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

جواب میں ملتان سلطانز کی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 19.1 اوورز میں ہدف باآسانی حاصل کرلیا۔

ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر محمد عرفان اور سہیل تنویر نے پشاور کے کھلاڑیوں کو ابتداء ہی سے مشکل میں ڈالے رکھا۔پشاور کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔ملتان کے بولرز کے آگے پشاور کے محمد حفیظ ڈٹے رہے اور انہوں نے پشاور زلمی کو مکمل تباہی سے بچایا۔پشاور کی ٹیم کو پہلا نقصان صرف چار رنز کے مجوعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب دوسرے اوور میں محمد عرفان کی گیند پر کامران اکمل بغیر کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہوگئے۔

کامیابی کے بعد مین آف دی میچ قرار پانے والے کمار سنگاکارا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے ہر کھلاڑی نے بہترین کھیل پیش کیا خاص طور پر شعیب ملک کی پرفارمنس انتہائی اعلیٰ رہی، وہ عظیم کھلاڑی ہیں۔سنگاکارا نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کو جیت کے لیے نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا کمبی نیشن چاہیے ہوتا ہے اور میرا خیال ہے کہ ملتان کے پاس یہ امتزاج موجود ہے، آئندہ میچز میں کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔
وقت اشاعت : 23/02/2018 - 17:30:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :