ریلوے سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام دو روزہ اتھلیٹک چیمپئن شپ کے مقابلے شروع

جمعہ 23 فروری 2018 19:28

ریلوے سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام دو روزہ اتھلیٹک چیمپئن شپ کے مقابلے شروع
لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2018ء) پاکستان ریلوے سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام دو روزہ اتھلیٹک چیمپئن شپ کے مقابلے ریلوے اسٹیڈیم گڑھی شاہو کی خوبصورت گرائونڈ پر شروع ہوگئے۔ گرائونڈ کو رنگ برنگی جھنڈیوں اور بینروں سے دلہن کی طرح سجایا گیا۔ جب افتتاحی تقریب کی مہمانِ خصوصی چیئر پرسن ریلوے مسز پروین آغا ریلوے اسٹیڈیم پہنچیں تو ریلوے پولیس کے بگلر نے بگل بجا کر ان کی آمد کا اعلان کیا۔

اس موقع پر اقرا حنیف انٹرنیشنل ہاکی پلیئر نے مہمانِ خصوصی کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ مہمانِ خصوصی مسز پروین آغا نے تمام ڈویژنوں سے آئے کھلاڑیوں مین اور وومین کے دستوں کی سلامی لی۔ اس موقع پرچیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلویزمحمدجاوید انور ، صدر ریلوے سپورٹس بورڈ محمد طاہر، نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر فرحان عبادت یار خان، سیکرٹری ڈاکٹر آفتاب اقبال چوہدری ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل کرکٹر علی زریاب آصف نے مارچ پاسٹ کی قیادت کی ۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی مسز پروین آغا نے دو روزہ کھیلوں کے آغاز کا اعلان کیا۔ فیفا ریفری محمد عارف صدیقی اور محمد طاہر نے ریلوے کا پرچم بلند کیا۔ ریلوے پولیس کا بینڈ دھنیں بجاتا جب سلامی کے چبوترے سے گزرا تو شائقین نے انہیں دل کھول کر داد پیش کی۔ پہلے روز کے اختتام پر ملتان ڈویژن نے 108، لاہور ڈویژن 66، ورکشاپس ڈویژن 27، کراچی ڈویژن 10پوائنٹس، سکھر ڈویژن 8 پوائنٹس اور راولپنڈی نے 5 پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں۔
وقت اشاعت : 23/02/2018 - 19:28:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :