لاہور ہائیکورٹ نے فیصل صالح حیات گروپ کو پاکستان فٹبال فیڈریشن کا چارج سنبھالنے کا حکم دیدیا

منگل 27 فروری 2018 16:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 فروری2018ء) لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے فیصل صالح حیات گروپ کو پاکستان فٹبال فیڈریشن(پی ایف ایف)کا چارج سنبھالنے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بنچ نے سنگل بنچ کا 30 جون 2015 کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نیفٹ بال فیڈریشن کے انتخابات غیرقانونی قرار دے دیئے تھے۔

یہ بھی واضح رہے کہ گذشتہ برس اکتوبر میں انٹرنیشنل فٹبال فیڈریشن(فیفا)نے پاکستان فٹبال فیڈریشن میں تیسرے فریق کی مداخلت پر اس کی رکنیت معطل کردی تھی۔معطلی کا سبب بننے والا یہ بحران 2015 میں پاکستان فٹبال فیڈریشن(پی ایف ایف)کے انتخابات میں ہونے والی بے ضابطگیوں کے سبب پیدا ہوا تھا۔فیفا نے پاکستان کی رکنیت کیوں معطل کی پی ایف ایف انتخابات میں پہلا بڑا تنازع اس وقت ہوا جب پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کے انتخابات میں ہنگامہ آرائی ہوئی اور دو فریق کھل کر سامنے آگئے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن فیصل صالح حیات اور ظاہر شاہ گروپ میں تقسیم تھے، جس کے باعث لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے پی ایف ایف کے معاملات دیکھنے کے لیے جسٹس (ر)اسد منیر کو ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا تھا۔پاکستان فٹبال فیڈریشن کی معطلی سے قبل فیفا نے پی ایف ایف کو دھڑے بندی ختم کرنے کے لئے تنبیہ کی تھی، تاہم اس کے باوجود دونوں دھڑے اپنی ضد پر اڑے رہے تھے۔پاکستان فٹبال فیڈریشن کے دونوں دھڑوں سے مذاکرات کے لئے فیفا کا ایک وفد اگست 2015 میں پاکستان بھی آیا لیکن وہ بھی کوئی حتمی نتیجہ نکالنے میں ناکام رہا تھا۔اور اب سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر لاہور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے فیصل صالح حیات گروپ کو فٹبال فیڈریشن کا چارج سنبھالنے کا حکم دے دیا ہے۔
وقت اشاعت : 27/02/2018 - 16:52:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :