پی ایس ایل 3،لاہورقلندرز اور اسلام آباد کا میچ برابر

muhammad ali محمد علی ہفتہ 3 مارچ 2018 01:03

پی ایس ایل 3،لاہورقلندرز اور اسلام آباد کا میچ برابر
شارجہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2مارچ 2018ء) پاکستان سپر لیگ کے 12ویں میچ میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا میچ ٹائی ہوگیا ۔شارجہ انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں لاہور کی جانب سے عمر اکمل نے اننگز کا آغاز کپتان برینڈن میکولم کے ساتھ کیا تاہم وہ ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور چار رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ عمر نہ صرف سمت پٹیل کی گیند پر آﺅٹ ہوئے بلکہ اپنی ٹیم کا ریویو بھی ضائع کروایا جس کا نقصان فخر زمان کو ہوا جو امپائر کے غلط فیصلے کا شکار بنے۔

کپتان برینڈن میکولم اور نوجوان بلے باز آغا سلمان کے درمیان 73 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس نے قلندرز کی اننگز کو سہارا دیا۔آغا سلمان نے اپنی 48 رنز کی اننگز میں شاندار سٹروک کھیل کر متاثر کیا تاہم محمد سمیع کی گیند پر وہ سمت پٹیل کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

فہیم اشرف نے سہیل اختر کو 4رنز پر آﺅٹ کیا جبکہ آندرے رسل نے اپنے ویسٹ انڈین ساتھی کھلاڑ ی سنیل نارائن کو دو چوکوں کی مدد سے 9رنز بنانے کے بعد مصباح الحق کے ہاتھوں کیچ کروایا ،سہیل خان بغیر کوئی رن بنائے شاداب خان کی پر آﺅٹ ہوئے ،یاسر شاہ کو سمت پٹیل نے اپنے سپیل کے آخر ی اوور میں آﺅٹ کیا ۔

آخری اوور میں لاہور کو جیت کیلئے 7رنز درکار تھے تاہم میکولم اور سلمان ارشاد سکور میں 6رنز کا اضافہ کرکے آﺅٹ ہوگئے اور اب میچ کا فیصلہ سپر اوور کے ذریعے ہوگا ۔اس سے قبل ایک مشکل وکٹ پر اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 122 رنز کا ہدف دیا۔وکٹ سپنرز کے لیے انتہائی سازگار ہے جہاں لاہور کے گیندبازوں نے پوری اننگز اسلام آباد کے بلے بازوں کو پریشان کیے رکھا۔

میچ کا پہلا اوور قلندرز کے کپتان برینڈن میکولم نے فخر زمان کو دیا اور ان کی یہ چال کام کرگئی، فخر زمان نے میچ کی دوسری ہی گیند پر لیوک رونکی کو کلین بولڈ کردیا۔دوسرے آﺅٹ ہونےوالے بلے باز صاحبزادہ فرحان تھے جو سہیل خان کی گیند پر مڈ آن پر سنیل نارائن کو کیچ دے بیٹھے۔پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیل رہے سلمان ارشاد نے ٹورنامنٹ میں شاندار آغاز کرتے ہوئے اپنی پہلی ہی گیند پر اسلام آباد کے کپتان مصباح الحق کو آﺅٹ کردیا۔

سمت پٹیل چوتھے آﺅٹ ہونےوالے بلے باز تھے جو یاسر شاہ کی گیند پر سنیل نارائن کو کیچ دے بیٹھے جبکہ آصف علی بھی لیگ سپنر کی سیدھی گیند سمجھنے میں ناکام رہے اور آﺅٹ ہوگئے۔اسلام آباد کو قابل قبول سکور تک پہنچانےکی آخری امید جے پی ڈومنی بھی یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔فہیم اشرف اور شاداب خان بھی اسکور میں خاطر خواہ اضافہ کرنے میں ناکام رہے اور بالترتیب صفر اور ایک رن بناکر آﺅٹ ہوگئے۔

اس طرح اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے مقررہ اوورز میں 121 رنز ہی سکور کرپائی۔اس سے قبل لاہور نے ٹاس جیت کر اسلام آباد کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔خیال رہے کہ آج شارجہ میں پہلامیچ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانا تھا تاہم بارش کے باعث میچ کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔
وقت اشاعت : 03/03/2018 - 01:03:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :