ورلڈ ٹینس فیڈریشن نے ڈیوس کپ کی جگہ ٹینس ورلڈ کپ متعارف کرانے کا اعلان کر دیا

ورلڈ کپ آف ٹینس فائنلز میں 16نمایاں اقوام کے ہمراہ دو وائلڈ کارڈ انٹریز کو بھی موقع ملے گا، صدر ڈیوڈ ہیگیرٹی ْ

ہفتہ 3 مارچ 2018 17:48

ورلڈ ٹینس فیڈریشن نے ڈیوس کپ کی جگہ ٹینس ورلڈ کپ متعارف کرانے کا اعلان کر دیا
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 مارچ2018ء) ڈیوس کپ کی جگہ آئندہ برس ورلڈ کپ ایونٹ منعقد ہوگا۔آئی ٹی ایف کے صدر ڈیوڈ ہیگیرٹی نی2019سے موجودہ ڈیوس کپ کی جگہ ورلڈ کپ ٹینس منعقد کرانے کا منصوبہ پیش کردیا، ورلڈ کپ آف ٹینس فائنلز میں 16نمایاں اقوام کے ہمراہ دو وائلڈ کارڈ انٹریز کو بھی موقع ملے گا۔118 سالہ پرانے فارمیٹ پر جاری ایونٹ میں تبدیلی کیلئے خاصے عرصے سے غوروخوض جاری تھا، موجودہ ڈیوس کپ سال کے مختلف مواقعوں پر ملکوں کے درمیان ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر کھیلا جاتا ہے، تاہم اس میں تبدیلی کا مطالبہ اب پورا کیا جارہا ہے۔

بارسلونا اور اسپین کے فٹبالر گیرارڈ پیکو کے قائم کردہ کوسموس گروپ نے آئی ٹی ایف سے ورلڈ کپ ٹینس منعقد کرانے کیلئے 25 برسوں کا معاہدہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

جس میں 3 بلین ڈالر کی پارٹنر شپ ہے، اس حوالے سے ایونٹ میں تبدیلی کے حامی کئی پلیئرز نے پیکو سے میڈرڈ میں ملاقاتیں بھی کی تھیں، جس میں انھوں نے فٹبال ورلڈ کپ کی طرز پر ٹینس ایونٹ کرانے کے منصوبے پر ان سے تبادلہ خیالات کیا تھا۔

2015 میں آئی ٹی ایف کی صدارت سنبھالنے والے ہیگیریٹی نے بھی تبدیلیوں کو ناگزیر قرار دیا ہے، نئے منصوبے کے مطابق ٹینس ورلڈ کپ اب نومبر میں 7 یوم تک منعقد ہوگا، جس میں 3،3 ٹیموں کے 6 گروپ ترتیب دیے جائیں گے۔رانڈ روبن فارمیٹ میں مقابلوں کے بعد ہر گروپ کی فاتح 6 ٹیمیں اور دو بہترین رنرز اپ سائیڈز کو کوارٹرفائنل میں رسائی کا حق مل سکے گا، ہر ٹائی دو سنگلز اور ایک ڈبلز پر مشتمل ہوگی جس طرح بیسٹ آف فائیو کی بجائے بیسٹ آف تھری میں فیصلہ ہوجائیگا۔

گروپ مرحلے تک محدود رہ جانے والی دیگر 8 ٹیمیں اسی ہفتے میں 8 زونل فاتحین سے پلے آف کھیلیں گی، جس کی فاتح ٹیمیں آئندہ برس کے ایونٹ میں شرکت کی اہل بن جائیں گی۔ہیگیریٹی نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ نیا ایونٹ یقینی طور پر عوام میں مقبول ہوگا، جس میں نمایاں پلیئرز کی شرکت اہم ہوگی، میں نے اس آئیڈیے پر پلیئر کونسل سے 2016 میں بات کی تھی اور انھوں نے اس کی تائید کی تھی، میں سمجھتا ہوں کہ اس منصوبے کی اچھی سپورٹ ہے اور ہم اسے کامیاب بنانے کیلیے کوشاں رہیں گے۔
وقت اشاعت : 03/03/2018 - 17:48:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :