افغان لیگ سپنر راشد خان کم عمر ترین انٹر نیشنل کپتان بن گئے

پیر 5 مارچ 2018 12:45

افغان لیگ سپنر راشد خان کم عمر ترین انٹر نیشنل کپتان بن گئے
بلاوایو(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5مارچ 2018ء)افغانستان کے مایہ ناز لیگ سپنر راشد خان انٹر نیشنل کرکٹ کی تاریخ کے کم عمر ترین کپتان بن گئے ہیں ،راشد خان نے آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر میں گزشتہ روز سکاٹ لینڈ کیخلاف میچ کے دوران کپتانی کے فرائض سر انجام دئیے ،راشد خان کی عمر اس وقت 19 سال اور 165 دن ہے ،وہ اصغر ستانکزئی کی بیماری کے باعث ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دے رہے ہیں جو ڈاکٹرز کے مطابق 10 روز تک کرکٹ میں واپسی کر سکیں گے ،راشد نے38 ون ڈے میچز میں 87 وکٹیں جبکہ 29 ٹی ٹونٹی میچز میں 47 وکٹیں لے رکھی ہیں۔

(جاری ہے)

اس سے قبل کم عمر ترین انٹر نیشنل کپتان ہونے کا ریکارڈ بنگلہ دیش کے راجن صالح کے پاس تھا جنہوں نے 12ستمبر2004ءکو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں 20سال اور297دن کی عمر میں جنوبی افریقہ کیخلاف بنگلہ دیش کی قیادت کی تھی ۔ 

وقت اشاعت : 05/03/2018 - 12:45:01