سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز، سری لنکا کا بھارت کو 5 وکٹوں سے ہرا کر فاتحانہ آغاز،

فاتح ٹیم نے 175 رنز کا ہدف 18.3 اوورز میں 5 وکٹوں پر پورا کیا، کوسل پریرا کی 66 رنز کی جارحانہ اننگز، دھون کی 90 رنز کی اننگز رائیگاں، کوسل پریرا میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

منگل 6 مارچ 2018 22:45

سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز، سری لنکا کا بھارت کو 5 وکٹوں سے ہرا کر فاتحانہ آغاز،
کولمبو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2018ء) کوسل پریرا کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت سری لنکا نے بھارت کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز میں فاتحانہ آغاز کیا، میزبان ٹیم نے 175 رنز کا ہدف 18.3 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، تھسارا پریرا نے 22 اور شناکا نے 15 ناقابل شکست رنز بنا کر بھارت کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، کوسل پریرا نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی بائولرز کی خوب دھنائی کی۔

انہوں نے 37 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 66 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ دھون کی 90 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، کوسل پریرا میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

منگل کو سہ ملکی سیریز کے ابتدائی میچ میں سری لنکن قائد دنیش چندیمل نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، بھارتی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلے ہی اوور میں اسے روہت شرما کا نقصان اٹھانا پڑا جو بغیر کوئی رن بنائے چمیرا کی گیند کا نشانہ بنے، سریش رائنا کا بلا بھی نہ چلا اور ایک رن بنا کر فرنینڈو کی گیند پر بولڈ ہو گئے، اس موقع پر شیکھر دھون اور منیش پانڈے نے عمدہ بیٹنگ کی اور تیسری وکٹ میں 95 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا، 104 کے سکور پر پانڈے 37 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے، 153 کے سکور پر بھارت کی چوتھی وکٹ گری جب دھون جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 90 رنز بنانے کے بعد گونا تھلیکا کی گیند کا نشانہ بنے، ان کی اننگز میں 6 شاندار چھکے بھی شامل تھے، ریشبھ پانٹ 23 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، دنیش کارتھک 13 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، جواب میں میزبان سری لنکن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19ویں اوور کی تیسری گیند پر 5 وکٹوں پر حاصل کیا، سری لنکن اننگز کا آغاز بھی کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 12 کے سکور پر اسے کوسل مینڈس کا نقصان اٹھانا پڑا جو 11 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اس موقع پر کوسل پریرا نے گونا تھلیکا کے ساتھ مل کر عمدہ بیٹنگ کی اور ٹیم کا سکور 70 تک پہنچا دیا، کپتان چندیمل 14 رنز بنا سکے، 127 کے سکور پر سری لنکا کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب کوسل پریرا جو کہ جارحانہ بیٹنگ کر رہے تھے 66 رنز بنانے کے بعد واشنگٹن سندر کی گیند پر سٹمپ ہو گئے، اپل تھرنگا 17 رنز بنا کر چاہل کی گیند پر بولڈ ہوئے، 136 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد تھسارا پریرا اور شناکا نے ڈٹ کر بھارتی بائولرز کا مقابلہ کیا اور چھٹی وکٹ میں 39 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، تھسارا پریرا 22 اور شناکا 15 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، واشنگٹن سندر اور چاہل نی2، 2 اور اوندکت نے ایک وکٹ لی۔

وقت اشاعت : 06/03/2018 - 22:45:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :