ملتان سلطانز کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری، پشاور زلمی کو باآسانی شکست دے دی

muhammad ali محمد علی بدھ 7 مارچ 2018 00:40

ملتان سلطانز کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری، پشاور زلمی کو باآسانی شکست دے دی
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6مارچ 2018ء) پاکستان سپر لیگ تھری کے 16ویں میچ میں ملتان سلطانز نے اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے میچ میں پشاور زلمی کے پہلے آﺅٹ ہونے والے بیٹسمین آندرے فلیچر تھے جو 11 رنز بناکر سہیل تنویر کی گیند پر آﺅٹ ہوئے۔فلیچر کے بعد وکٹ کیپر کامران اکمل بھی زیادہ دیر کریز پر قیام نہ کرسکے اور محمد عرفان کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔

ملتان کے بولرز کی جانب سے شاندار گیند بازی کا سلسلہ جاری تھا اور پشاور کے مطلوبہ رن ریٹ میں اضافہ ہورہا تھا۔ ایسے میں ڈوئن سمتھ نے کیرون پولارڈ کی گیند پر بڑا شاٹ لگانے کی کوشش کی تاہم براوو کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔رکی ویسلز نے محمد حفیظ کا ساتھ دیا تاہم محمد عرفان کی اٹھتی ہوئی گیند پر پوائنٹ پر موجود فیلڈر احمد شہزاد کو کیچ دے کر آﺅٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

لیام ڈوسن 32رنز بنا کر سہیل تنویر کا شکار بنے جنہوں نے حماد اعظم کو بھی صفر پر چلتا کیا ، حسن علی 3رنز بنا کر پولارڈ کا شکار بنے جنہوں نے 56رنز بنانے والے حفیظ کی وکٹ بھی حاصل کی ۔پشاور کی ٹیم 184رنز کے ہدف کے تعاقب میں 158رنز بنا سکی اور 19رنز سے شکست کھا گئی ۔ اس سے قبل مڈل آرڈر بلے باز صہیب مقصود کی تباہ کن اننگز کی بدولت ملتان سلطانز نے ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا مجموعہ 183 رنز بناڈالا۔

ملتان کے پہلے آﺅٹ ہونےوالے بلے باز کمار سنگاکارا تھے جو 28 رنز بناکر لائم ڈوسن کی گیند کا شکار بنے جبکہ احمد شہزاد اپنی روایتی سست رفتار اننگز (37 گیندوں پر 37 رنز) کھیل کر رن آﺅٹ ہوگئے۔اگلے آﺅٹ ہونے والے بلے باز کپتان شعیب ملک تھے جو عمید آصف کی گیند پر مڈ وکٹ پر گیند کو باﺅنڈری کے پار لگانا چاہتے تھے تاہم حسن علی کو کیچ دے بیٹھے تاہم دوسرے اینڈ سے صہیب مقصود کے بلے سے رنز آتے رہے۔

42 گیندوں پر 85 رنز کی جارحانہ اننگز میں صہیب مقصود نے 7 شاندار چھکے اور چار چوکے لگائے۔ان کی اننگز کی بدولت ملتان پشاور کے خلاف 184 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب رہی۔کیون پولارڈ نے بھی صہیب کا بھرپور ساتھ دیا اور 8 گیندوں پر 16 رنز کی اننگز کھیلی۔ملتان سلطانز کی جانب سے لائم ڈوسن اور عمید آصف نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین روانہ کیا۔پشاور زلمی کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہے۔

تمیم اقبال اپنے ملک بنگلہ دیش سے کھیلنے واپس چلے گئے ہیں، ان کی جگہ آندرے فلیچر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ صابر رحمان اور عثمان خالد کی جگہ رکی ویسلز اور حماد اعظم کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔دوسری جانب پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان ملتان سلطانز کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔پی ایس ایل تھری میں ملتان اور پشاور کی ٹیمیں دوسری بار مد مقابل آرہی ہیں، ایونٹ کا افتتاحی میچ بھی ان دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا تھا جس میں ملتان سلطانز نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی انجری کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہیں اور ان کی غیر موجودگی میں ٹیم کی قیادت محمد حفیظ کررہے ہیں۔پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں ہر ٹیم پانچ پانچ میچز کھیل چکی ہے، ملتان سلطانز 9 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے ۔کراچی کنگز 7 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پرہے، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے اب تک3، 3 کامیابیاں سمیتی ہیں، زلمی کا تیسرا اور یونائیٹڈ کا چوتھا نمبر ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دو فتوحات کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے البتہ لاہور قلندرز پانچ میچز کھیل کر بھی کوئی پوائنٹ نہیں بنا سکی ہے۔
وقت اشاعت : 07/03/2018 - 00:40:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :