کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطان کی اونچی اڑان کو بریک لگا دی، شعیب ملک کی ٹیم تگڑا ہدف دینے میں ناکام

muhammad ali محمد علی بدھ 7 مارچ 2018 22:30

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطان کی اونچی اڑان کو بریک لگا دی، شعیب ملک کی ٹیم تگڑا ہدف دینے میں ناکام
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7 مارچ2018ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )کے 17ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 153رنز کا ہدف دیدیا ۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں محمد نواز نے میچ کے پہلے ہی اوور میں ٹورنامنٹ کے ٹاپ سکورر کمار سنگاکارا کو آﺅٹ کردیا،دوسرے آﺅٹ ہونےوالے بلے باز احمد شہزاد تھے جو انور علی کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے۔

سہیل تنویر کی وکٹ شین واٹسن نے لی جو اس سے قبل سلپ پر ان کا کیچ چھوڑ چکے تھے۔ وکٹ لینے کے بعد انہوں نے پرجوش انداز میں خوشی کا اظہار کیا۔اس موقع پر شعیب ملک اور صہیب مقصود کے درمیان 40 رنز کی شراکت نے ملتان کی اننگز کو سہارا دیا تاہم 33 گیندوں پر 27 رنز بناکر صہیب بھی آﺅٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

روس وائیٹلی 16رنز بنا کر راحت علی کا شکار بن گئے ۔ پولارڈ اور شعیب ملک نے 16گیندوں پر 33رنز کی شراکت داری قائم کرکے ملتان کا سکور152رنز تک پہنچایا ، شعیب ملک 43گیندوں پر 65اور پولارڈ 16رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے ۔

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔میچ کےلئے دونوں ٹیموں میں دو،دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ کوئٹہ کی ٹیم میں محمود اللہ اور جون ہیسٹنگز کی جگہ کیون پیٹرسن اور بین لافلن جبکہ ملتان میں جنید خان اور ڈیرن براوو کی جگہ عمر گل اور روس وائیٹلی کو موقع دیا گیا ہے۔ملتان سلطانز اب تک ایونٹ کی سب سے کامیاب ٹیم ثابت ہوئی جس نے 6 میچز میں سے 4 میں کامیابی حاصل کی جب کہ ایک میچ میں ناکامی اور ایک میچ بارش کے باعث نہ ہوسکا، پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز 9 پوائنٹس کےساتھ سرفہرست ہے،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پوائنٹس ٹیبل پر 4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے اور اسے 5 میچز میں سے تین میں ناکامی اور 2 میں کامیابی ملی۔
وقت اشاعت : 07/03/2018 - 22:30:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :