مسلسل ناقص کارکردگی، لاہور قلندرز کا عمر اکمل کو حتمی الیون سے ڈراپ کرنے پر غور

جمعرات 8 مارچ 2018 11:52

مسلسل ناقص کارکردگی، لاہور قلندرز کا عمر اکمل کو حتمی الیون سے ڈراپ کرنے پر غور
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8 مارچ2018ئ) پاکستان سپر لیگ میں ناقص کارکردگی دکھانے کے بعد لاہور قلندرز کی مینجمنٹ عمر اکمل کو ڈراپ کرنے پر غور کررہی ہے۔عمر اکمل لاہور قلندرز کے3 مہنگے ترین کرکٹرز میں کپتان برینڈن میکولم اور سنیل نرائن کے ساتھ پلاٹینم کیٹگری کا حصہ ہیں اور ٹورنامنٹ کے5 میچوں میں انہوں نے محض 57 رنز بنائے ہیں۔مسلسل پانچ میچوں میں شکست سے دوچار ہونے والی ٹیم ٹورنامنٹ کے 18ویں میچ میں دبئی میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ کرےگی اورقوی امکان ہے کہ 27 سالہ عمر اکمل11کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہوں گے تاہم اس معاملے میں حتمی فیصلہ کپتان برینڈن میکولم اور کوچ عاقب جاوید کریں گے۔

پاکستان کےلئے 16ٹیسٹ، 116 ون ڈے اور 82 ٹی ٹونٹی کھیلنے والے عمر اکمل ان دنوں قومی ٹیم سے بھی باہر ہیں۔

(جاری ہے)

عمر اکمل نے پاکستان کےلئے آخری انٹرنیشنل میچ 26 جنوری 2017ءکو ایڈیلیڈ میں آسڑیلیا کےخلاف ون ڈے کی شکل میں کھیلا تھا۔عمر اکمل جن کے تعلقات کوچ مکی آرتھر کیساتھ بھی کشیدہ ہیں ، کے کیرئیر کےلئے پی ایس ایل تھری ایک اہم ٹورنامنٹ تصور کیا جا رہا تھاتاہم لاہور قلندرز کی جانب سے انہیں باہر بٹھانے پر غور کیے جانے کے بعد ان کی مشکلات بڑھتی ہوئی محسوس ہو رہی ہیں۔

انہوں نے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن میں سب سے زیادہ 335رنز سکور کیے تھے تاہم دوسرے ایڈیشن میں مکمل طور پر ناکام رہے ۔ لاہور قلندرز اب تک ٹورنامنٹ میں پانچ میچز کھیل چکی ہے تاہم تمام ہی میچز میں اسے شکست کا کڑوا گھونٹ پینا پڑا۔
وقت اشاعت : 08/03/2018 - 11:52:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :