اسلام آباد یونائیٹڈ کے غیر ملکی اوپننگ بلے باز نے پاکستان آنے کا اعلان کردیا

جمعہ 9 مارچ 2018 16:44

اسلام آباد یونائیٹڈ کے غیر ملکی اوپننگ بلے باز نے پاکستان آنے کا اعلان کردیا
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 مارچ2018ء) لاہور قلندرز کے خلاف پاکستان سپر لیگ کے تیز ترین نصف سنچری اسکور کرنے والے اسلام آباد یونائیٹڈ کے جارح مزاج اوپنر لیوک رونکی نے ٹورنامنٹ کے پاکستان میں ہونے والے میچز میں شرکت کا اعلان کردیا۔میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا وہ پاکستان آئیں گے جس کا رونکی نے مثبت جواب دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں اچانک کوئی ایسا کھلاڑی سامنے آجاتا ہے جس کے بارے میں آپ نے پہلے کبھی نہیں سنا ہوتا اور وہ 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کررہا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کا معیار اچھا ہے، یہاں تک کے جن کھلاڑیوں کو موقع نہیں مل پارہا اور بنچ پر موجود ہیں وہ بھی اچھے ہیں۔

(جاری ہے)

لیوک رونکی نے کہا کہ لاہور اننگز کے اختتام پر اتنا اچھی نہیں کھیل ہائی جتنا کھیل سکتی تھی اور ہم نے انہیں 163 رنز پر محدود کرنے کے لیے اچھا کھیل پیش کیا۔

اسلام آباد کے اوپنر کا کہنا تھا کہ جے پی ڈومنی اور میں نے پچھلے میچ کا تسلسل برقرار رکھا، پراعتماد تھے کہ ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کریں گے، ہم ہر بال کو میرٹ پر کھیل رہے تھے۔لیوک رونکی نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنا ذہن صاف رکھنا ہوتا ہے، اگر آپ کے دماغ میں زیادہ باتیں چل رہی ہوں گی تو آپ اچھا کھیل پیش نہیں کرپائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی ہر میچ کو پرسکون انداز میں کھیل رہے ہیں جس کی وجہ سے فتوحات مل رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مصباح میچز کے دوران زیادہ جذباتی نہیں ہوتے جس کا فائدہ ٹیم کو ہوتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پچھلے 9 سے 10 مہینوں سے مختلف لیگز میں میری فارم اچھی رہی ہے، میں بے فکر ہوکر بیٹنگ کرتا ہوں، میرے بین الاقوامی کرکٹ کا اختتام ہوچکا ہے اور میں اب صرف لیگ کرکٹ کھیلتا۔لیوک رونکی کا مزید کہنا تھا کہ دبئی کی وکٹ ٹورنامنٹ کے آغاز کے مقابلے میں اب بہت اچھی ہوگئی ہے، ان وکٹوں پر بولرز کے مقابلے میں بلے باز زیادہ کامیاب ہوں گے۔
وقت اشاعت : 09/03/2018 - 16:44:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :