جونی بیئرسٹو کی انگلینڈ کی طرف سے ون ڈے کرکٹ کی تیسری تیز ترین سنچری، بیئرسٹو نے کیویز کے خلاف 58 گیندوں پر سنچری بنائی

ہفتہ 10 مارچ 2018 15:48

جونی بیئرسٹو کی انگلینڈ کی طرف سے ون ڈے کرکٹ کی تیسری تیز ترین سنچری، بیئرسٹو نے کیویز کے خلاف 58 گیندوں پر سنچری بنائی
کرائسٹ چرچ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2018ء) انگلش ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین جونی بیئرسٹو نے نیوزی لینڈ کے خلاف آخری اور فیصلہ کن ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں شاندار سنچری داغ دی، یہ ان کی کیویز کے خلاف مسلسل دوسری سنچری ہے، اس سے قبل انہوں نے چوتھے ون ڈے میں بھی سنچری بنائی تھی، انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ایک روزہ میچ میں جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب دھنائی کی اور شاندار سنچری سکور کی، انہوں نے 58 گیندوں پر سنچری بنا کر انگلینڈ کی طرف سے تیسری تیز ترین سنچری کا اعزاز اپنے نام کیا، بیئرسٹو کی اننگز میں 6 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔

(جاری ہے)

بیئرسٹو نے 42 میچز میں 4 سنچریوں اور 6 نصف سنچریوں کی مدد سے 1451 رنز بنا رکھے ہیں، جوز بٹلر کو انگلینڈ کی طرف سے تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے، انہوں نے 2015ء میں پاکستان کے خلاف 46 گیندوں پر سنچری بنا کر ملکی ریکارڈ پر قبضہ جمایا تھا، معین علی 53 گیندوں پر سنچری بنا کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں، انہوں نے گزشتہ سال ویسٹ انڈیز کے خلاف کارنامہ انجام دیا تھا، ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین سنچری کا عالمی اعزاز اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس ہے جنہوں نے 31 گیندوں پر سنگ میل عبور کیا تھا۔
وقت اشاعت : 10/03/2018 - 15:48:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :