محمد شامی کی بیوی نے ان پر میچ فکسنگ کا الزام عائد کردیا

منگل 13 مارچ 2018 11:36

محمد شامی کی بیوی نے ان پر میچ فکسنگ کا الزام عائد کردیا
لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 مارچ2018ئ) بھارتی فاسٹ باﺅلر محمد شامی کی بیوی نے ان پر میچ فکسنگ میں ملوث ہونےکا شبہ ظاہر کردیا، کولکتہ پولیس نے کرکٹر کے دبئی جانے پر بورڈ سے تفصیلات طلب کرلیں۔تفصیلات کے مطابق بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی کےخلاف روز بروز نئے الزامات سامنے آرہے ہیں، ان کےخلاف پہلے ہی پولیس سنگین نوعیت کے الزامات پر مقدمہ دائر کرچکی ہے اور اب پراسرار دورہ دبئی کی چھان بین شروع ہوگئی ہے،وہ جنوبی افریقا سے وطن واپس آنے کی بجائے یو اے ای میں رک گئے تھے۔

کولکتہ پولیس کے ایک آفیسر کا کہنا ہے کہ ہم نے بی سی سی آئی کو خط میں ان سے شامی کے دبئی جانے کے حوالے سے تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ شامی کی بیوی حسین جہاں نے الزام عائد کیا کہ شامی ایک پاکستانی لڑکی سے ملنے کےلئے دبئی گئے اور ان سے اس دورے کو چھپایا، انھوں نے علشبہ نامی خاتون سے رقم حاصل کی جو مبینہ طور پر فکسنگ کی بھی ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

ایک انٹرویو میں حسین جہاں نے مزید کہا کہ علشبہ پاکستانی شہری ہے اور شامی نے یہ دعویٰ کیا کہ اس نے انھیں رقم دی ہے، شامی نے مجھے کبھی نہیں بتایا کہ اس خاتون نے انھیں کس کام کےلئے رقم دی، میں اس حوالے سے کچھ بھی نہیں جانتی مگر ایک بات تو طے ہے کہ اگر وہ میرے ساتھ فراڈ کرسکتا ہے تو پھر وہ ملک کے ساتھ بھی ایسا کرسکتا ہے۔

وقت اشاعت : 13/03/2018 - 11:36:15