انتظامی ڈاکٹرز مریضوں کی بہترین نگہداشت کو یقینی بنائیں ‘ پروفیسر غیاث النبی طیب

نرسنگ انتظامیہ کے اختیارات کا تعین،پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے،ویجیلینس کمیٹی تشکیل ایم ایس روزانہ کی بنیاد پر ایمرجنسی اور ان و آوٹ ڈور میں کارکردگی کا جائزہ لیں ‘پرنسپل پی جی ایم آئی کی ہدایت

منگل 13 مارچ 2018 16:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پروفیسر غیاث النبی طیب نے لاہور جنرل ہسپتال کے انتظامی ڈاکٹروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی امتیاز کے بغیر تمام مریضوں کی بہترین نگہداشت کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور پنجاب حکومت کی ہیلتھ پالیسی کے مطابق ہسپتال میں ہر آنے والے مریض کا علاج کریں۔

انہوں نے نرسنگ سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کے اختیارات کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ رضیہ بانو گریڈ 17 کی ہیڈ نرسسزکے انتظامی معاملات اوروارڈ مینجمنٹ کی ذمہ دار ہونگی جبکہ رقیہ بانو چارج نرسسز کی حاضری، ڈسپلن اور دیگر دفتری امور بھی نمٹائیں گی۔پرنسپل نے نرسنگ انتظامیہ کو واضح کیا کہ وہ شفٹ کی تبدیلی کے وقت چارج دینے اور چارج لینے کیلئے مروجہ اصولوں کی پابندی کریں اور ہمہ وقت مریضوں کا ریکارڈ بھی مکمل رکھیں ۔

(جاری ہے)

سسٹر انچارج صاف ستھرا وارڈ دوسری شفٹ کو دینے کی پابند ہوگی ۔اس ضمن میں تاخیر یا کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائیگی۔ پروفیسرغیاث النبی طیب نے سیکورٹی سٹاف کو بھی مستعدی سے اپنے فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں اور ان کے لواحقین سے ہر قیمت پر خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور اگر آئندہ کوئی شکایت ملی تو طے شدہ پالیسی کے تحت سیکورٹی کمپنی کے خلاف کارروائی اور جرمانہ ہو گا۔

پرنسپل نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین سے کہا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر ایمرجنسی، آوٹ ڈور اور نیورو انسٹیٹیوٹ سمیت تمام شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا کریں اور ہسپتال میں ملازمین کے کارڈ آویزاں کرنے، یونیفارم پہننے اور ڈسپلن کے دیگر امور کی پابندی کو یقینی بنائیں۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ ایسے ملازمین کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے جو ون ونڈو پالیسی پر عمل کرنے کی بجائے اپنے کلیریکل کاموں کے لئے دفاتر کا رخ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویجیلینس کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو چھابڑی فروشوں کی حوصلہ شکنی سمیت ہسپتال میں پرائیویٹ گاڑیوں کی پارکنگ کے خلاف کارروائی کرے گی۔
وقت اشاعت : 13/03/2018 - 16:40:05