پہلا ٹی 20 کرکٹ میچ میں ویسٹ انڈیز ویمنز کو شکست

نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم نے 8 رنز سے شکست دیکر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی

بدھ 14 مارچ 2018 12:36

مائونٹ موگینوئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مارچ2018ء) نیوزی لینڈ کی ویمنز ٹیم نے پہلے ٹی 20 کرکٹ میچ میں ویسٹ انڈیز ویمنز کو 8 رنز سے شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ کیویز کی طرف سے ملنے والے 168 رنز ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز ٹیم 159 رنز بناسکی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیٹی مارٹن 54 اور کپتان سوزی باٹیز 49 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں، ویسٹ انڈیز ویمنز کی طرف سے ہالیے میتھیوز کے 53 اور کپتان سٹیفنی ٹیلر کے ناقابل شکست 50 رنز بھی اپنی ٹیم کے کام نہ آسکے اور دونوں نصف سنچریاں ناکام گئیں۔

بدھ کو دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شروع ہوا تو ویسٹ انڈیز ٹیم کی کپتان سٹیفنی ٹیلر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کی ویمنز ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے کیٹی مارٹن کے 54، کپتان سوزی باٹیز کے 49 اور ایمی ساٹرتھویٹ کے 36 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بناکر ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 168 رنز کا ہدف دیا۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے ڈوٹن نے دو جبکہ کونل، میتھیوز، انیسا محمد اور فلیچر نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بناسکی، ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کی طرف سے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کپتان سمیت دو کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں سکور کیں، ہالیے میتھیوز کے 53 اور کپتان سٹیفنی ٹیلر کے ناقابل شکست 50 رنز بنائے، تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح نہ دلا سکیں اور دونوں کی ففٹیز رائیگاں گئیں اور یوں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کو 8 رنز سے شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کرلی۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے لائیگ کارسپرک نے تین، سوفی ڈیوائن نے دو جبکہ لیا تاہوہو نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔۔
وقت اشاعت : 14/03/2018 - 12:36:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :