کامن ویلتھ گیمز ،ْپاکستان سپورٹس بورڈ کے افسران نے بھی سیر سپاٹے کی منصوبہ بندی کر لی

فیاض الحق، حبیب شاہ، ڈاکٹر وقار اور سابق ڈائریکٹر جنرل اختر نواز گنجیرا سمیت دیگر اجازت کا پروانہ لینے کیلئے کوشاں

بدھ 14 مارچ 2018 13:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2018ء) آئندہ ماہ آسٹریلیا میں منعقد ہونیوالی کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی دستہ کیساتھ وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے افسران نے جانے کی منصوبہ بندی کر لی، تفصیلات کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل عامر علی احمد جنہوں نے چند روز قبل ہی اپنی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں نے کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کرنیوالے دستے کے اخراجات کی حتمی سمری منظوری کیلئے تیار کرنی ہے، 4اپریل سے شروع ہونیوالی کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی دستے نے صرف10کھیلوں میں شرکت کرنا ہے جبکہ حیران کن طور پر 95رکنی دستہ ان کھیلوں میں شرکت کرئیگا جن میں سے صرف ریسلنگ اور ویٹ لفٹنگ میں میڈلز آنے کے امکانات ہیں۔

ذرائع کے مطابق میڈلز کی دوڑ میں شامل نہ ہونے کے باجود کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کرنیوالے دستے کیساتھ وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے افسران نے جانے کی منصوبہ بندی کر لی ہے اور ان افسران میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کے ڈپٹی سیکرٹری فیاض الحق، پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سید حبیب شاہ، ڈاکٹر وقار اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے سابق ڈائریکٹر جنرل اختر نواز گنجیرا سمیت دیگر کے نام شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ان افسران کی کوشش ہے کہ سپورٹس بورڈ کے نئے ڈائریکٹر جنرل عامر علی احمد سے آسٹریلیا جانے کا پروانہ حاصل کر لیا جائے۔ دوسری جانب پاکستان سپورٹس بورڈ کے مالی حالات بھی کچھ زیادہ بہتر نظر نہیں آ رہے جس کے باعث رواں سال انڈونیشیا میں منعقد ہونیوالی ایشین گیمز کی تیاریوں کیلئے تربیتی کیمپس لگانے کیلئے پاکستان سپورٹس بورڈ تاحال کوئی فیصلہ نہ کر سکی ہے
وقت اشاعت : 14/03/2018 - 13:08:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :