آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، کاگیسوربادا پر دو ٹیسٹ کی پابندی اور میچ فیس کا 65 فیصد جرمانہ عائد، کینگروز کے خلاف آخری دو ٹیسٹ میچز سے باہر ہو گئے

بدھ 14 مارچ 2018 13:31

پورٹ الزبتھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) جنوبی افریقہ کو آسٹریلیا کے خلاف شیڈول آخری دو ٹیسٹ میچز سے قبل بڑا دھچکا لگا ہے، سیاہ فارم فاسٹ بائولر کاگیسوربادا معطلی کے باعث آخری دونوں میچز سے باہر ہو گئے، انہیں آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر 2 ٹیسٹ میچز کیلئے معطلی کی سزا دی گئی ہے، اس کے علاوہ وہ مجموعی طور پر 65 فیصد میچ فیس سے بھی محروم ہو گئے۔

ربادا نے کینگروز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا، جارحانہ بائولنگ کے ساتھ ساتھ ربادا کا انداز بھی جارحانہ تھا، وہ ایک ٹیسٹ کے دوران دو مرتبہ آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب ٹھہرے، انہوں نے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں کینگروز قائد سٹیون سمتھ کو آئوٹ کرنے کے بعد جشن مناتے ہوئے انہیں کندھا دے مارا جبکہ دوسری اننگز میں انہوں نے وارنر کو آئوٹ کر کے پویلین جانے کا اشارہ کیا۔

(جاری ہے)

آئی سی سی نے دو الگ الگ واقعات میں ان پر آئی سی سی لیول ٹو اور لیول ون چارج عائد کیا اور اس کے ساتھ ساتھ بالترتیب میچ فیس کا 50 اور 15 فیصد جرمانہ عائد کیا۔ 24 ماہ کے دوران 8 ڈی میرٹ پوائنٹس ملنے کی وجہ سے ان پر دو ٹیسٹ میچز کی پابندی بھی عائد کی گئی جس کے باعث وہ کینگروز کے خلاف آخری دو ٹیسٹ نہیں کھیلیں گے۔ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان چار میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔
وقت اشاعت : 14/03/2018 - 13:31:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :