عمر اکمل کو یونس خان جیسے مینٹو ر کی ضرورت ہے: بازید خان

بدھ 14 مارچ 2018 14:05

عمر اکمل کو یونس خان جیسے مینٹو ر کی ضرورت ہے: بازید خان
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 مارچ2018ئ)سابق ٹیسٹ کرکٹر بازید خان کا کہنا ہے کہ عمر اکمل کے بارے میں میری رائے ہے کہ انہیں یونس خان جیسے مینٹور کی ضرورت ہے، اگر عمر اکمل نے اپنی کرکٹ پر دھیان نہ دیا تو انکی کرکٹ کا اللہ ہی حافظ ہے کیوں کہ جب اس سے کارکردگی نہیں ہوتی یہ وہ الٹی سیدھی حرکتیں کرنے لگتا ہے۔ ایک انٹر ویو میں بازید خان نے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ عمر اکمل کا تنازعات پیچھا کررہے ہیں جو کسی بھی کرکٹر کےلئے خطرے کی گھنٹی ہے،اب کرکٹ اتنی زیادہ ہے کہ ہرماہ مختلف ماحول میں مختلف عادت والے لوگ ملتے ہیں، اگر عمر اکمل ہر طرح کے لوگوں کےساتھ ایڈجسٹ نہیں کرسکتا تو مجھے اسکا کیریئر تاریک دکھائی دے رہا ہے، عمر اکمل کو ڈیوڈ وارنر کی طرح کونسلنگ کی ضرورت ہے، پاکستانی ٹیم میں مکی آرتھر ،وقار یونس اور دیگر لوگوں نے بھی اسے ضرور سمجھایا ہوگا۔

(جاری ہے)

پی سی بی اور ٹیم انتظامیہ میں لوگ تبدیل ہورہے ہیں لیکن تمام تنازعات عمر اکمل کے گرد گھوم ہورہے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے سب لوگ تو غلط نہیں ہوسکتے۔ بازید خان کا مزید کہنا تھا کہ اگر عمر اکمل تنازعات سے پیچھا نہیں چھڑواسکتا تو اتنا بڑا کھلاڑی بن جائے کہ اسکے بغیر کوئی ٹیم نہ بن سکے، ماضی میں کچھ سپر باصلاحیت کرکٹرز تھے جو تنازعات کے باوجود ٹیم کےلئے لازم وملزوم ہوتے تھے، میں عمر اکمل کو بہت پرانا جانتا ہوں، اپنی پہلی سنچری کے بعد اسکے کھیل میں بہتری نہیں آئی ہے۔
وقت اشاعت : 14/03/2018 - 14:05:16