پی ایس ایل تھری،پلے آف میں جگہ بنانے کیلئے ملتان ،کراچی اور پشاور میں جنگ جاری

پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان(آج) کھیلے جانے والے میچ میںاگر کراچی جیتاتو اسلام آباد، کوئٹہ، ملتان اور کراچی کے ساتھ پلے آفس اور ایلیمنیٹرز کی لائن اپ مکمل ہوجائے گی،زلمی میچ جیتاتو ملتان اور کراچی کو زلمی کے اگلے میچ کے نتیجے کا انتظار کرنا پڑیگا

بدھ 14 مارچ 2018 16:50

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مارچ2018ء) پاکستان سپر لیگ کے 25ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ملتان سلطانز کے خلاف فتح نے پشاور زلمی کے ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں کوالیفائی کرنے کی امیدیں برقرار رکھی ہیں۔فتح کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے فائنل فور کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے جبکہ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز (آج)جمعرات کو کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے 27ویں میچ کا انتظار کریں گی جو کہ پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اگر کراچی یہ میچ جیتنے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو اسلام آباد، کوئٹہ، ملتان اور کراچی کے ساتھ پلے آفس اور ایلیمنیٹرز کی لائن اپ مکمل ہوجائے گی۔تاہم اگر زلمی اس میچ میں کامیاب ہوگیا تو ملتان اور کراچی کو زلمی کے اگلے میچ کے نتیجے کا انتظار کرنا پڑے گا جو کہ لاہور قلندرز کے خلاف ہے۔

(جاری ہے)

اگر قلندرز یہ میچ جیت گئے تو اسلام آباد، کوئٹہ کراچی اور ملتان فائنل فور میں جگہ بنالیں گے جبکہ اگر پشاور زلمی اپنے اگلے دونوں میچز جیت جاتی ہے تو براہ راست پلے آف کیلئے کوالیفائی کرجائے گی جبکہ کراچی اور ملتان کی لاسٹ فور میں شمولیت کا فیصلہ پی ایس ایل کے آخری لیگ میچ پر منحصر ہوگا جو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اس صورتحال میں کراچی کنگز کے پاس ملتان کے مقابلے میں کوالیفائی کرنے کا زیادہ بہتر موقع موجود ہوگا، اگر وہ اسلام آباد کے خلاف میچ ہار بھی جاتے ہیں تو اپنا رن ریٹ بہتر کرکے اگلے مرحلے میں کوالیفائی کرسکتے ہیں کیوں کہ اسلام آباد سے شکست کی صورت میں ملتان اور کراچی کے پوائنٹس 9،9 ہو جائیں گے۔یعنی لاسٹ فور میں جگہ بنانے کے لیے تین ٹیموں کے درمیان اب بھی سخت مقابلہ ہے جبکہ لاہور قلندرز ایونٹ سے باہر ہوچکے ہیں اور اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پلے آف کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں۔

پلے آف کی اگلی دو ٹیموں کے لیے ملتان، کراچی اور پشاور میں سخت مقابلہ ہے تاہم ملتان کی بدقسمتی یہ ہے کہ اس نے اپنے تمام 10 میچز کھیل لیے ہیں اور اس کی لاسٹ فور تک رسائی کا دارومدار کراچی اور پشاور کی پرفارمنس پر ہے۔
وقت اشاعت : 14/03/2018 - 16:50:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :