حکومت و نجی شعبہ ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں، ایک دوسرے کے بغیر ان کا کام کرنا مکن نہیں‘خواجہ خاور رشید

حکومت کاروبار کیلئے موافق پالیسیاں تشکیل دے اور تاجروں کے حقیقی مسائل حل کرے ،معاشی ترقی کیلئے حکومت کی کوششوں کو آگے بڑھاسکیں

بدھ 14 مارچ 2018 16:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2018ء) لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا ہے کہ حکومت و نجی شعبہ ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں، ایک دوسرے کے بغیر ان کا کام کرنا مکن نہیں، حکومت کاروبار کے لیے موافق پالیسیاں تشکیل دے اور تاجروں کے حقیقی مسائل حل کرے تاکہ یہ معاشی ترقی کے لیے حکومت کی کوششوں کو آگے بڑھاسکیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ٹیکسٹائل ٹریڈرز ایسوسی ایشن کی جانب سے دئیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔افتخار علی ملک، فاروق افتخار، ، شیخ محمد آصف، عبدالباسط، اویس سعید پراچہ، وقار حمد میاں، چودھری اورنگزیب اسلم، شیخ ظفر اقبال، چودھری خادم حسین، رانا محمود اور ندیم عباس نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

(جاری ہے)

خواجہ خاور رشید نے کہا کہ کاروباری برادری معیشت کی ڈرائیونگ فورس ہے مگر بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس، ٹیکس اہلکاروں کے صوابدیدی اختیارات، زیادہ پیداواری لاگت اور ریفنڈز میں تاخیر جیسے مسائل کی موجودگی میں یہ معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے کردار ادا نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس نظام میں اصلاحات کرے اور کاروباری برادری کی مشاورت سے اسے کاروبار دوست بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ودہولڈنگ ٹیکس فوری طور پر ختم ہونا چاہیے کیونکہ اس نے تاجروں کو لین دین نقد یا دیگر ذرائع سے کرنے پر مجبور کیا ہے۔ انہوں نے ٹیکسوں کے دوہرے نظام کے خاتمے پر بھی زور دیا۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا کہ سمگلنگ اور انڈرانوائسنگ کا آہنی ہاتھوں سے خاتمہ کیا جائے کیونکہ ان کی وجہ سے مقامی صنعتوں کی بقاء دائو پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ سے باہر شعبوں کو نیٹ میں لانے اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے بجائے موجودہ ٹیکس دہندگان کو نچوڑا جارہا ہے جو سراسر ناانصافی ہے، حکومت موجودہ ٹیکس دہندگان کو سہولیات دیکر مزید لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں آنے کی ترغیب دے۔
وقت اشاعت : 14/03/2018 - 16:50:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :