سندھ گیمز کے منصفانہ اور شفاف طریقے سے انعقاد کے لئے لائحہ عمل ترتیب دیں‘ڈاکٹر نیاز علی عباسی

بدھ 14 مارچ 2018 16:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2018ء) سندھ گیمز کو منصفانہ اور شفاف بنانے کے لئے متعلقہ حکام لائحہ عمل ترتیب دیں‘ اور سندھ گیمز کی کامیابی میں اپنا اپنا کردار ادا کریں اس بات کا اظہار صوبائی سیکریٹری اسپورٹس ڈاکٹر نیاز علی عباسی نے سندھ گیمز کی14وینیوز کمیٹی کے ممبران‘ کنوینرز‘ آرگنائزرز‘ڈسٹرکٹس سپرنٹنڈنٹ آف پولیس‘ اسسٹنٹ کمشنرز‘ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ اور ہوم ڈپارٹمنٹ کے نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ تمام14وینیوز کے کنوینرز اور آرگنائزرز اپنے اپنے علاقے کے اسسٹنت کمشنرز اور سپرٹنڈنٹ آف پولیس سے رابطہ میں رہیں اور وینیوز پر جو بھی مسائل ہوں انہیں مل کر حل کریں اس موقع پر اجلاس میں ڈائریکٹر اسپورٹس شہزاد پرویز بھٹی‘ ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن محمد فاروق خان‘ چیف انجینئر اسلم مہر‘ حاجی غلام محمد‘ اولمپیئن اصلاح الدین‘تمام ڈسٹرکٹس اسسٹنٹ کمشنرز اور ایس پیز کے علاوہ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ اور ہوم ڈپارٹمنٹ کے نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سیکریٹری اسپورٹس نے بتایا کہ ہر وینیوز پر افتتاحی اور اختتامی تقریب ہوگی۔ کھلاڑیوں کے لئے کٹس‘ ٹریک سوٹ‘ شوز اور اسپورٹس کا دیگر ضرور ی سامان محکمہ کھیل فراہم کرے گا۔وینیوز پر کھلاڑیوں کی رہنمائی کے لئے اسکائوٹس اور گرلز گائیڈ کا دستہ موجود ہوگا اس کے علاوہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کا عملہ اور ایمبولینس بھی موجود ہونگی۔

سیکریٹری اسپورٹس نے مزید کہا کہ سندھ گیمز کے لئے جن14 وینیوز کو فائنل کیا گیا ہے ان میں نیشنل کوچنگ سینٹر‘ این ای ڈی یونیورسٹی‘ کے ایم سی فٹبال گرائونڈ( گرلز)‘ میمن گوٹھ‘ سندھ اسپورٹس بورڈ کمپلیکس ناظم آباد‘ ٹی ایم سی گرائونڈ‘منی اسپورٹس کمپلیکس ناظم آباد‘ ہاکی کلب آف پاکستان(بوائز) اصلاح الدین ہاکی اکیڈمی(گرلز) کے پی ٹی فٹبال اسٹیڈیم(بوائز) آرام باغ باسکٹ بال کورٹ‘ کراچی کلب‘ ککری گرائونڈ لیاری جبکہ سائیکلنگ ریس کے لئے مزار قائد اور گدھا گاڑی ریس کے لئے سی ویو کا انتخاب کیا گیا ہے ‘ بعد از اجلاس تمام اسسٹنٹ کمشنرز‘ سپرٹنڈنٹ آف پولیس ‘ہیلتھ ڈپارٹمنٹ‘وینیوز کنوینرز‘ آرگنائزرز اور محکمہ کھیل کے متعلقہ افسران نے یقین دلایا کہ وہ سب ایک دوسرے سے مکمل تعاون کرتے ہوئے سندھ گیمز کی کامیابی کے لئے اپنی بھرپور کوشش کریں گے۔

وقت اشاعت : 14/03/2018 - 16:50:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :