رونالڈو کا ریکارڈ پاش پاش،

لائنل میسی نے یوئیفا چیمپئنز لیگ میں تیز ترین 100 گولز مکمل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی

جمعہ 16 مارچ 2018 11:22

لندن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2018ء) شہرہ آفاق ارجنٹائن اور بارسلونا کے فٹ بالر لائنل میسی نے یوئیفا چیمپئنز فٹ بال لیگ میں تیز ترین 100 گولز مکمل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی، انہوں نے یوئیفا چیمپئنز لیگ میں چیلسی کے خلاف پری کوارٹر فائنل سیکنڈ لیگ میچ میں دو گولز کر کے کرسٹیانو رونالڈو کا چیمپئنز لیگ کی تاریخ میں تیز ترین گولز کی سنچری مکمل کرنے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا، میسی نے 123 میچز کھیل کر یہ سنگ میل عبور کیا جبکہ رونالڈو نے 144 میچز میں کارنامہ انجام دیا تھا۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ میسی یوئیفا چیمپئنز لیگ کی تاریخ میں 100 یا زائد گولز کرنے والے دنیا کے دوسرے فٹ بالر ہیں، رونالڈو نے 155 میچز میں 117 گولز کر رکھے ہیں جبکہ میسی نے 123 میچز میں 100 گولز کر لئے ہیں، میسی نے 2005ء میں یوئیفا چیمپئنز لیگ کا پہلا گول کیا تھا، 3 اپریل 2012ء میں انہوں نے گولز کی ففٹی مکمل کی جبکہ 14 مارچ 2018ء کو انہوں نے گولز کی سنچری مکمل کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں کھلاڑیوں کی ایونٹ میں ہیٹرکس کی تعداد برابر ہے، دونوں نے سات، سات ہیٹرکس کر رکھی ہیں۔
وقت اشاعت : 16/03/2018 - 11:22:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :