پی ایس ایل پلے آفز،ہر ٹیم کے کون کون سے کھلاڑی پاکستان آئیں گے ؟

ہفتہ 17 مارچ 2018 14:01

پی ایس ایل پلے آفز،ہر ٹیم کے کون کون سے کھلاڑی پاکستان آئیں گے ؟
شارجہ(اردو وپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17مارچ2018ئ)پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا میلہ اب پاکستان میں سجنے کو تیا ر ہے ، قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں 20اور21مارچ کو ایلیمنیٹر مقابلے کھیلے جائیں گے جس کے بعد پی ایس ایل کا فائنل 25مارچ کو نیشنل سٹیڈیم ،کراچی میں کھیلا جائے گا ۔ کراچی کنگز ، اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے زیادہ تر غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آنے کی حامی بھر لی ہے ۔

دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آنے کی حامی بھر لی ہے ۔ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے سوشل میڈیا ویب سائٹ پر اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ” پی ایس ایل ٹو فائنل کی طرح پی ایس ایل تھری کے لیے بھی پشاور زلمی کے تمام غیر ملکی کرکٹرز پاکستان آرہے ہیںجن کا میں شکریہ ادا کرتا ہوں، لاہور کے دونوں پلے آف اور کراچی فائنل کے لیے پاکستان اور پی سی بی کو پشاور زلمی کی جانب سے گڈ لک“۔

(جاری ہے)

پشاور زلمی کے تمام غیر ملکی کھلاڑی گزشتہ سال کے پی ایس ایل فائنل کےلئے بھی لاہور آئے تھے جہاں انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیکر فائنل جیتا تھا۔کراچی کنگز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جو ڈینلی ، تائیمل ملز،کولن انگرام ،لینڈل سمنز اور ڈیوڈویئسے پاکستان آنے کیلئے رضامند ہے جبکہ روی بوپارہ پہلے ہی ٹیم کے ساتھ پاکستان آنے کا اعلان کرچکے ہیں۔

کراچی کنگزکو اپنے کپتان این مورگن کی خدمات حاصل نہیں ہوںگی جنہوں نے گھریلو مصروفیات کے باعث پاکستان آنے سے معذرت کرلی ہے۔اسلا م آباد یونائیٹڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے بیشتر غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آنے کی حامی بھر لی اور بعض بھی آج حتمی فیصلہ کرلیں گے ،اسلام آباد کے سمیت پٹیل ، جین پال ڈومنی اور لیوک رونچی پاکستان آنے کی حامی بھر چکے ہیں جبکہ اسلام آباد کی مینجمنٹ کو امید ہے کہ برطانوی کھلاڑی سٹیون فن اور سیم بلنگز بھی مثبت جواب دیں گے ۔

گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک بار پھر یہی خطرہ لاحق ہے کہ اس کے بڑے غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنے سے انکا رکردیں گے ۔ برطانوی اوپنر جیسن روئے ، سٹار بلے باز کیون پیٹر سن ، سابق آسٹریلیوی آل راﺅنڈر شین واٹسن اور آل راﺅنڈ بین لافلن اس بات کا عندیہ دے چکے ہیں کہ وہ پلے آف مرحلے کیلئے پاکستان نہیں جائیں گے ۔ کوئٹہ پر امید ہے کہ بنگلہ دیشی آل راﺅنڈ محمود اللہ ریاض پاکستان آئیں گے جبکہ سری لنکا کے تھیسارا پریرا اور دیگر کھلاڑیوں کو بھی پاکستان آنے پر راضی کیا جارہا ہے ۔جنوبی افریقہ کے رائلی روسوو اور آسٹریلیا کے کرس گرین بھی پاکستان آنے پر راضی ہوسکتے ہیں ۔
وقت اشاعت : 17/03/2018 - 14:01:47