لاہور قلندر اور ملتان سلطان پلے آف مرحلے کے لئے کوالیفائی نہ کرسکیں،شائقین انھیںقذافی سٹیڈیم میں پلے آف میچز کے دوران ایکشن میں نہیں دیکھ سکیں گے

پیر 19 مارچ 2018 11:50

لاہور۔19 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2018ء) لاہور اور ملتان کے شائقین کرکٹ اپنے شہروں کے نام سے موسوم پی ایس ایل کی فرنچائز ٹیم لاہور قلندر اور ملتان سلطان کو قذافی سٹیڈیم میں آج20اورکل 21مارچ کو ہونے والے دونوں پلے آف میچز کے دوران ایکشن میں نہیں دیکھ سکیں گے ۔دونوں ٹیمیں ہی پلے آف مرحلے کے لئے کوالیفائی نہیں کرسکیں ۔

دونوں شہروں کے شائقین کرکٹ کو اب پشاور زلمی ،کراچی کنگز ،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اورسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں میں سے اپنی پسند کی ٹیم کو منتخب کرکے اسے سپورٹ کرنا ہوگا ۔لاہور قلندرکو سپورٹ کرنے والے شائقین کرکٹ عامر رشید ،جلیل احمد ،فراز احمد ،زاہد محمود ( لاہور) رانا شبیر احمد ،معمر رانا ،سنی ( کامونکی) رائو اویس چوہان ،عتیق الرحمان ( شیخوپورہ )نے بتایا کہ انہیں لاہور قلندرکی طرف سے پلے آف میچز کے لئے کوالیفائی نہ کرنے پر بہت مایوسی ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

ٹیم بہت اچھی تھی لیکن قسمت نے ساتھ نہ دیا اور ہمیں امید ہے کہ اگلے سیزن میں لاہور قلندر زیادہ بہتر کارکردگی دکھا کر ٹرافی جیتے گی ۔انہوں نے کہاکہ اب ان کی فیورٹ ٹیم پشار زلمی ہے اور ہمیں پوری امید ہے کہ اس سال بھی پشاور زلمی ہی فاتح ہوگی ۔پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے کینسرکے مریض بچوں کو دوبئی میں میچ دکھا کر شائقین کے دل جیت لئے ہیں۔

ہماری دعائیں پشاور زلمی کے ساتھ ہیں ۔ملتان گلگشت کالونی سے تعلق رکھنے والے شائقین کرکٹ رانا اظہر ،حسن محمود ،ظفر محمود ،اطہر ،ذاکر اور دیگر نے بتایا کہ ان کے علاقہ ملتان کے نام سے موسوم ٹیم ملتان سلطان کے پلے آف میچز میں کوالیفائی نہ کرنے کا انہیں بہت دکھ ہوا ہے،ہار جیت کھیل کا حصہ ہے تاہم اب ہم اسلام آباد یونائیٹڈ کو سپورٹ کررہے ہیں اور اسی کا میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں دیکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ تمام ٹیمیں پاکستان کی ہی ہیں اور ان کے درمیان میچز کے انعقاد سے قومی ٹیم کو ہی نیا ٹیلنٹ ملے گا لیکن اپنے شہر کی ٹیم سے پھر بھی دلی وابستگی ہوتی ہے اور ہمیں امید ہے کہ اگلے سیزن میں ملتان سلطان کامیابی حاصل کرے گی ۔
وقت اشاعت : 19/03/2018 - 11:50:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :