ملتان سلطانز کے منیجر نے ٹیم کی ناکامی کی وجوہات بتا دیں

منگل 20 مارچ 2018 13:18

ملتان سلطانز کے منیجر نے ٹیم کی ناکامی کی وجوہات بتا دیں
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2018ء) ملتان سلطانز ٹیم کے منیجر ندیم خان نے ایونٹ کے سخت شیڈول سمیت متعدد عوامل کو ٹیم کی شکست کا نتیجہ قرار دیدیا۔متحدہ عرب امارات سے کراچی پہنچنے پر ندیم خان نے کہا کہ ہمیں ابتدائی طور پر اپنے اسکواڈ کی تشکیل کیلئے ان کھلاڑیوں میں سے اپنے دس کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا تھا جنہیں بقیہ ٹیموں نے اپنے اسکواڈ سے فارغ کیا تھا لہٰذا ہمارے پاس کھلاڑی منتخب کرنے کیلئے دستیاب آپشن بہت کم تھے۔

انہوں نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پھر ڈرافٹ مرحلے میں بھی ہماری باری سب سے آخری تھی جس کی وجہ سے ہم ان کھلاڑیوں کا انتخاب ننہ کر سکے جو ہماری پہلی ترجیح تھے اور یہی وجہ تھی کہ ہماری ٹیم کے کھلاڑیوں اوسط عمر سب سے زیادہ تھی۔

(جاری ہے)

ملتان سلطانز کے منیجر نے کہا کہ ہم اپنی شکست پر کسی کو ذمے دار ٹھہرانا نہیں چاہتے تاہم سخت شیڈول کی وجہ سے بھی ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ہمارے کھلاڑی تھکاوٹ کے سبب انجریز کا شکار ہوئے ،ْتمام ٹیموں میں ہمارا شیڈول سب سے زیادہ سخت تھا۔

ہم نے ٹورنامنٹ میں اچھا آغاز کیا لیکن سخت شیڈول کے سبب ہمارے کھلاڑی تھکاوٹ اور انجریز کا شکار ہوئے جس کی وجہ سے ہم کارکردگی کا تسلسل برقرار نہیں رکھ سکے۔شان مسعود کو شاندار فارم کے باوجود ایک بھی میچ نہ کھلانے کے حوالے سے سوال پر ندیم خان نے کہا کہ اوپننگ بلے باز بدقسمت رہے کہ وہ ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے کیونکہ احمد شہزاد اور کمار سنگاکارا کی اوپننگ جوڑی اچھی کارکردگی دکھا رہی تھی۔ندیم خان نے کہا کہ احمد شہزاد کا اسٹرائیک ریٹ کم تھا تاہم ان کی کمار سنگاکارا کے ساتھ شراکت اچھی چل رہی تھی اور دونوں نے لیگ کے تیسرے ایڈیشن کی سب سے بڑی اوپننگ شراکت بھی بنائی جس کی وجہ سے شان مسعود کو موقع نہیں دے سکے۔
وقت اشاعت : 20/03/2018 - 13:18:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :