جنوبی افریقن ٹیم تیسرے ٹیسٹ میں سنبھل کر لڑکھڑا گئی، میزبان پروٹیز نے کینگروز کے خلاف پہلی اننگز میں 8 وکٹوں پر 266 رنز بنا لئے

جمعرات 22 مارچ 2018 22:11

جنوبی افریقن ٹیم تیسرے ٹیسٹ میں سنبھل کر لڑکھڑا گئی، میزبان پروٹیز نے کینگروز کے خلاف پہلی اننگز میں 8 وکٹوں پر 266 رنز بنا لئے
کیپ ٹائون ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء) جنوبی افریقن ٹیم آسٹریلیا کے خلاف تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سنبھل کر لڑکھڑا گئی، میزبان پروٹیز نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنا لئے تھے، 92 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد ایلگر اور ڈی ویلیئرز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 128 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا تاہم اس کے بعد پیٹ کمنز نے ویلیئرز سمیت پروٹیز کے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کر کے اس کی پوزیشن کمزور کر دی، ویلیئرز 64 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ڈین ایلگر ایک اینڈ پر کینگروز بائولرز کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح ڈٹے رہے، انہوں نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری سکور کی اور 121 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں، کمنز نے 4، جوش ہیزلووڈ نے 2 اور مچل مارش نے ایک وکٹ حاصل کی۔

(جاری ہے)

جمعرات کو کیپ ٹائون میں شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقن قائد فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 6 کے سکور پر پروٹیز کو ایڈن مرکرم کا نقصان اٹھانا پڑا جو بغیر کوئی رن بنائے ہیزلووڈ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس کے بعد ایلگر نے ہاشم آملہ کے ساتھ مل کر سکور 92 تک پہنچا دیا، آملہ 31 رنز بنانے کے بعد ایلگر کا ساتھ چھوڑ گئے، اس موقع پر ڈی ویلیئرز نے ایلگر کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 128 اہم رنز جوڑ کر سکور 220 تک پہنچا دیا، یہاں پر پیٹ کمنز نے ویلیئرز کو آئوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، انہوں نے 64 رنز بنائے، کپتان فاف ڈوپلیسی 5، ٹیمبا باووما ایک، ڈی کوک3 رنز بنا کر کمنز کے گیندوں کا نشانہ بنے، ورنن فلینڈر 8 رنز بنا کر مچل مارش کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، سٹارک نے کیشو مہاراج کو 3 رنز پر میدان بدر کیا، اسطرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنا لئے تھے، ڈین ایلگر 121 کگیسوربادا 6 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، پیٹ کمنز نے 4، ہیزلووڈ نے 2 سٹارک اور مچل مارش نے ایک، ایک وکٹ لی۔

وقت اشاعت : 22/03/2018 - 22:11:07