کامران اکمل ،مکی آرتھرکا ”مقابلہ“ کرنے کیلئے تیار

جمعہ 23 مارچ 2018 11:33

کامران اکمل ،مکی آرتھرکا ”مقابلہ“ کرنے کیلئے تیار
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23مارچ2018ئ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے گزشتہ دو ڈومیسٹک سیزنز سمیت پی ایس ایل سیزن 3میں شاندار کارکردگی دکھاکر میڈیا اور شائقین کی توجہ حاصل کرلی ہے ،وہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنزاورچھکے لگانے سمیت متعدد ریکارڈز اپنے نام کرچکے ہیں مگر ان کی شاندار کارکردگی بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مکی آرتھر کو متاثر نہیں کرسکی ہے جن کا کہنا ہے کہ کامران اکمل ایک شاندار بیٹسمین ضرور ہیں مگر ان کی فیلڈنگ انتہائی خراب ہے،سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ وکٹ کیپر اور کپتان سرفرازاحمد کی موجودگی میں کامران اکمل کہاں فیلڈنگ کریں گے۔

ہم نے گزشتہ دورہ ویسٹ انڈیزمیں انہیں موقع دیاتھا تاہم ان کی فیلڈنگ انتہائی خراب رہی،انٹرنیشنل کرکٹ میں کھلاڑیوں کو تینوں شعبوں میں اچھا کھیل دکھانا ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ہیڈکوچ کی جانب سے قومی ٹیم میں دوبارہ موقع نہ دئیے جانے کے اشارے کے بعد کامران اکمل نے بھی بھرپور مقابلے کیلئے کمر کس لی ہے،وکٹ کیپر بلے باز کا کہناہے کہ قومی ٹیم کیلئے منتخب کرنا سلیکٹرزاور بورڈکا کام ہے،اگرکوئی ٹیم کیلئے کھیلنا چاہے اور فارم ثابت کرے تو اسے کوئی نہیں روک سکتا۔کامران اکمل کا مزید کہناہے کہ میری مزید تین ،چار سال کی کرکٹ باقی ہے اور میں نے پاکستان ٹیم میں کم بیک کرنے کیلئے امید نہیں چھوڑی ہے۔

وقت اشاعت : 23/03/2018 - 11:33:24