ایشین ٹیم سکوائش چیمپئن شپ، پاکستان نے سری لنکا کو ہرا کر فتوحات کی ہیٹرک مکمل کر لی، پاکستان ویمنز نے تھائی لینڈ کو ہرا کر پہلی کامیابی حاصل کی

جمعہ 23 مارچ 2018 16:20

سیئول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2018ء) انیسویں ایشین ٹیم سکوائش چیمپئن شپ میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر فتوحات کی ہیٹرک مکمل کر لی، پاکستان ویمنز نے تھائی لینڈ کو ہرا کر پہلی کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

جنوبی کوریا میں جاری ایونٹ میں جمعرات کو کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سری لنکا کو 3-0 سے ہرا کر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی، پہلے سنگل مقابلے میں پاکستانی کھلاڑی طیب اسلم نے سری لنکا کے جیہان سونز کو ہرا کر ٹیم کو برتری دلائی، دوسرے سنگل مقابلے میں پاکستان کے عماد فرید نے سری لنکا کے راوندو کو ہرا کر ٹیم کی برتری دوگنی کر دی، تیسرے سنگل مقابلے میں پاکستان کے محمد عاصم خان نے سری لنکا کے پریرا کو ہرا کر ٹیم کو 3-0 سے کامیابی دلائی، پاکستانی ٹیم نے اس سے قبل پہلے میچ میں فلپائن اور دوسرے میچ میں میزبان جنوبی کوریا کو شکست دی تھی، دوسری جانب ویمنز ٹیم ایونٹ میں پاکستانی ٹیم نے تھائی لینڈ کو ہرا کر پہلی کامیابی حاصل کی، پاکستانی کھلاڑی مدینہ ظفر نے تھائی کھلاڑی اننتانا کو ہرا کر ٹیم کو برتری دلائی، دوسرے سنگل مقابلے میں پاکستان کی فائزہ ظفر نے تھائی لینڈ کی تودا کو ہرا کر ٹیم کی برتری دوگنی کر دی، تیسرے سنگل مقابلے میں پاکستان کی رفعت خان نے تھائی کھلاڑی سوویپا کو ہرا کر ٹیم کو 3-0 سے فتح دلائی، پاکستان ویمن کو پہلے میچ میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

وقت اشاعت : 23/03/2018 - 16:20:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :