پی ایس ایل: ویون رچرڈز اہل خانہ سمیت کراچی پہنچ گئے

جمعہ 23 مارچ 2018 23:08

پی ایس ایل: ویون رچرڈز اہل خانہ سمیت کراچی پہنچ گئے
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء) ویسٹ انڈیز کے عظیم کرکٹر اور پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے منسلک ویون رچرڈز اہل خانہ سمیت کراچی پہنچ گئے۔ کراچی ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ویون رچرڈز نے کہا کہ آخری مرتبہ جب میں یہاں آیا تو بہت اچھا وقت گزرا تھا میرے خیال میں وہ سری لنکا کے خلاف ورلڈ کپ کا میچ تھا اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی سے میری بہترین یادیں وابستہ ہیں شام کو ویون رچرڈز نے معین خان کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا۔

یاد رہے کہ ویون رچرڈز آخری مرتبہ 1987ء میں کراچی آئے تھے۔ ویون رچرڈز نے کہا کہ کراچی میں دوبارہ آکر بہت اچھا لگ رہا ہے، جس طرح سے پیار و محبت دی گئی ہے اسی لئے میں یہاں پر ہوں۔ پی ایس ایل کے رواں سال کے ان میچز کے بعد مستقبل میں زیادہ میچوں کی امید ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں پی ایس ایل بہت بہتر ہو رہی ہے، اس مرتبہ دو میچ لاہور اور ایک میچ کراچی میں ہو رہا ہے جو پی ایس ایل کے لئے نیک شگون ہے۔

(جاری ہے)

پشاور زلمی کے ہاتھوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی شکست پرتبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آگے بڑھنے کے لئے کچھ مثبت کرسکتی ہے تاہم ہر شکست سے دل دکھتا ہے لیکن مجھے امید ہے کہ ان شکستوں سے مثبت پہلو نکال سکیں گے اور اگلے مرتبہ ان غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے۔ ویون رچرڈز نے ویسٹ انڈین ٹیم کے دورے کے حوالے سے کہا کہ یہ دورہ بہت دلچسپ ہوگا کیونکہ دورے میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے موجودہ چمپیئنز اور سابق چمپیئنز کے درمیان مقابلہ ہوگا اور ایک اچھی سیریز ہونے جا رہی ہے۔

پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا ہمیشہ سے ماننا ہے کہ پاکستان میں خداداد صلاحیت کے حامل کرکٹرز ہیں اور جب باقاعدگی سے یہاں کرکٹ کھیلی جاتی رہی تو اسٹیڈیم میں شائقین کی مزید تعداد بڑھے گی۔
وقت اشاعت : 23/03/2018 - 23:08:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :