پی ایس ایل فائنل کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان مرتب کیا گیاہے،کمانڈنٹ ایس ایس یو

ہفتہ 24 مارچ 2018 19:09

پی ایس ایل فائنل کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان مرتب کیا گیاہے،کمانڈنٹ ایس ایس یو
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2018ء) کمانڈنٹ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ مقصود احمد نے کراچی میںبروز اتوار25مارچ2018 کو منعقد ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے سلسلے میںمربوط سیکیورٹی پلان کے انتظامات کے حوالے سے آج شام ایس ایس یو ہیڈکوارٹر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا۔کمانڈنٹ ایس ایس یو نے کہا کہ طویل عرصہ کے بعد بین الاقوامی کھلاڑی کراچی آرہے ہیں اور کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد ہو نے جا رہے ہیں ہم سب کو ملکر ثابت کرنا ہوگا کہ کراچی ایک امن پسند شہر ہے اور ہم نے اس شہر کی روشنیاں بحال کرنی ہیں۔

اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لئے پی سی بی چیئر مین نجم سیٹھی،وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا، ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ اور تمام قانون نافذکرنے والے ادارے ودیگرمتعلقہ اداروں کا تعاون اور کاوشیں قابل تحسین ہیں ۔

(جاری ہے)

جس طرح تمام اداروں نے یک جان ہو کر اور دن رات ایک کر کے اس ایونٹ کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

تمام اداروں کے ساتھ ساتھ ہم عوام اور میڈیا سے بھرپور تعاون کی امید رکھتے ہیں کیونکہ ایک میگا ایونٹ کو عوام اور میڈیا کی شمولیت کے بغیر کامیاب کرنا ناممکن ہوگا ۔انھوں نے مزید بتایا کہ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ نے پی ایس ایل فائنل کے سلسلے میں جامع سیکیورٹی پلان تیارکیاہے۔اس سلسلے میں متعلقہ اداروں ، تمام زونل ڈی آئی جی پیز، پاکستان رینجرز، پی سی بی اور دیگر تمام اداروں سے مشاورت کے بعد منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

ایس پی ایس ایس یو غلام مرتضیٰ تبسم ٹیمز کے چیف سیکیورٹی افسر کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے۔سیکیورٹی پلان کی مزید تفصیلات بتاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی ،ایئر پورٹ، روٹ، پارکنگ ایریا، ہوٹلز اور دیگر تمام مقامات پر 8000 پولیس اہلکاربشمول 800 سے زائد ایس ایس یوکمانڈوز کے علاوہ دیگرقانون نافذکرنے والے اداروں کے اہلکار اپنے فرائض انجام دیںگے جبکہ ماہرنشانہ باز بھی مختلف مقامات پر تعینات کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق32 ایس ایس پی/ایس پی؛ 95ڈی ایس پی؛ 1051انسپکٹرز/ سب انسپکٹرز/اے ایس آئیز ؛ 6323ہیڈکانسٹیبلز/ کانسٹیبلز/ کمانڈوز ؛ 603خواتین اسٹاف اور 28ماؤنٹڈ پولیس کے اہلکار تعینات ہونگے جبکہ ایسٹ زون 4051 ؛ سائوتھ زون1209 ؛ ویسٹ زون530 ؛ ایس ایس یو اور دیگر پولیس یونٹس کی2342 پولیس اہلکار اپنے فرائض انجام دیں گے۔اسپیشل سیکیورٹی یونٹ موٹر کیڈ، ایئرپورٹ ، ہوٹلز اور روٹ(راستی) پر سیکیورٹی فراہم کرے گی۔

کمانڈنٹ نے مزید بتایا کہ ایس ایس یو میںاعلیٰ تربیت یافتہ اور جدید اسلحہ سے لیس کمانڈوزبشمول خواتین کمانڈوزپر مشتمل ملک کی پہلی اسپیشل ویپن اینڈٹیکٹکس (S.W.A.T) ٹیم قائم کی گئی ہے ۔یہ صریع الحرکت ٹیم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹر میں تیار رہے گی۔ایس ایس یونے میچ دیکھنے کے لیے آنے والوں میں تقسیم کرنے کے لیے رہنماپمفلٹ شائع کیا ہے۔ اس کے علاوہ ایس ایس یو کے اہلکار پارکنگ مقامات کے علاوہ اسٹیڈیم کے داخلی راستوں پر ٹریک سوٹ میں عوام کی رہنمائی کے لیے فرائض انجام دیں گے۔
وقت اشاعت : 24/03/2018 - 19:09:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :