پی ایس ایل کے انتظامات سے مطمئن ہوں ، انتظامیہ کی محنت دیکھ کر بہت خوشی ہوئی،وزیراعلیٰ سندھ

آئندہ پی ایس ایل میں نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد میں میچ کرانے کی خواہش رکھتے ہیں،مراد علی شاہ کی شہرکے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 24 مارچ 2018 22:17

پی ایس ایل کے انتظامات سے مطمئن ہوں ، انتظامیہ کی محنت دیکھ کر بہت خوشی ہوئی،وزیراعلیٰ سندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ پی ایس ایل کے انتظامات سے مطمئن ہوں ، انتظامیہ کی محنت دیکھ کر بہت خوشی ہوئی،آئندہ پی ایس ایل میں نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد میں میچ کرانے کی خواہش رکھتے ہیں،ان خیالات کا اظہارانہوں نے نیشنل اسٹیڈیم اورشہرکے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پرصحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے اور پی ایس ایل فائنل کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پی ایس ایل کے لیے سب نے بہت کوشش کی ہے اور میں انتظامات سے مطمئن ہوں ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اب آپ لوگ کراچی کو چھوڑیں، حیدرآباد کے نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کی بات کریں، اگلے سال وہاں بھی پی ایس ایل کے میچز کروائیں گے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ شہریوں کو مکمل سہولیات کے ساتھ فائنل میچ دیکھنے کا موقع فراہم کیا ہے ہم چاہتے ہیں کہ لوگ پی ایس ایل فائنل سے پوری طرح لطف اندوز ہوسکیں،کراچی سمیت صوبے بھر کے لوگ اس حوالے سے بہت خوش ہیں۔انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل کراچی میں شروع کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا برا حال تھا لیکن اب یہ اسٹیڈیم بین الاقوامی معیار کے مطابق ہو گیا ہے۔

سیکورٹی کے حوالے سے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آئی سی سی کی ٹیم نے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات پر اپنے بھرپور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شائقین کرکٹ کو سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، شائقین سے یہ توقع ضرور کرتے ہیں کہ جو ایس او پیز فائنل کے لئے بنائے گئے ہیں ان پر سختی سے عمل درآمد کریں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل فائنل میں بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور اب کراچی کی روشنیاں لوٹ آئی ہیں، کراچی کا امن دوبارہ بحال ہوگیا ہے۔ ترقیاتی کاموں کے حوالے سے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں انڈر پاس اور برج میرے زیر نگرانی تعمیر کئے جا رہے ہیں، پنجاب چورنگی پر انڈر پاس، شاہراہ فیصل اور یونیورسٹی روڈ کے 2 پورشنز ایک حسن اسکوائر سے نیپا تک اور دوسرا این ای ڈے سے صفورا چوک تک مکمل کرنا ہے، شہید ملت روڈ پر تین جگہ سگنل فری کرنے کے لئے انڈر پاسز اور فلائی اوور بنا رہے ہیں۔وزیراعلی سندھ نے کہاکہ سب نے بہت کوشش کی ہے ،انتظمات سے بہت مطمئن ہوں،سب کی مشترکہ کاوشوں کی بدولت فائنل کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
وقت اشاعت : 24/03/2018 - 22:17:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :