کیپ ٹاﺅن ٹیسٹ ،شرفاءکے کھیل کو داغدار کرنے والے سٹیو سمتھ،ڈیوڈ وارنر کے برے دن آگئے

اتوار 25 مارچ 2018 22:48

کیپ ٹاﺅن ٹیسٹ ،شرفاءکے کھیل کو داغدار کرنے والے سٹیو سمتھ،ڈیوڈ وارنر کے برے دن آگئے
کیپ ٹاﺅن ٹیسٹ ،شرفاءکے کھیل کو داغدار کرنے والے سٹیو سمتھ،ڈیوڈ وارنر کے برے دن آگئے
کیپ ٹاﺅن (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25مارچ2018ئ) جنوبی افریقہ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز بال ٹمپرنگ کا منصوبہ بنانے کا اعتراف کرنے والے آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ اور ان کے نائب ڈیوڈ وارنر پر کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے کرکٹ کھیلنے پر تاحیات پابندی عائد کیے جانے کا امکان ہے،بال ٹیمپرنگ میں ملوث آسٹریلوی کرکٹرز سٹیو سمتھ اور ڈیوڈ وارنر کپتانی اور نائب کپتانی سے دستبردار ہوگئے تھے اور سمتھ پر ایک میچ پابندی اور سو فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا جبکہ کیمرون بینکروفٹ کو آئی سی سی کی جانب سے تین ڈی میرٹ پوائنٹس دیئے جانے کے ساتھ 75فیصد میچ فیس سے محروم ہونا پڑا تھا ۔

(جاری ہے)

میڈیا روپورٹس کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کے ہیڈ آف انٹیگریٹی این روئے اور ٹیم پرفارمنس منیجر پیٹ ہارورڈ اس شرمناک واقعے کی تحقیقات کیلئے کیپ ٹاﺅن کیلئے روانہ ہوگئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران مبینہ طور پر سٹیو سمتھ ، ڈیوڈ وارنر، کیمرون بینکروفٹ اور کوچ ڈیرن لیمن کے انٹر ویوز لیے جائیں گے اور اس دوران یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جائے کی کہ ٹیم کے اور کس کس کھلاڑی کو اس معاملے کا علم تھاجس کے بعد ان کیخلاف تادیبی کارروائی کی سفارش کی جائے گی ۔

روئے کی جانب سے سفارشات سامنے آنے کے بعد ایک آزاد کمشنرکیس کی سماعت کرے گا اور اس جرم کی سب سے بڑی سزا تاحیات کھیلنے پر پابندی ہے ۔ اس سے قبل آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے سربراہ جیمز سدرلینڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان سٹیو سمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر نے باقی میچ کے لیے کپتانی اور نائب کپتانی چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے اور کرکٹ آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ میں ٹیسٹ میچ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑیوں کی جانب سے کی جانے والی بال ٹیمپرنگ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

گزشتہ روز کیپ ٹاﺅن میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرے ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون بینکرافٹ بال ٹمپرنگ کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔ ٹیم کے کپتان سٹیو سمتھ نے اس سنگین جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اس حرکت میں ٹیم کی پوری قیادت ملوث تھی، ٹیم کی پوری قیادت نے سوچ سمجھ کر یہ کام کیا کیونکہ ان کا خیال تھا کہ اس سے ہمیں کامیابی حاصل ہوسکتی ہے۔
وقت اشاعت : 25/03/2018 - 22:48:51