کراچی اب ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو خوش آمدید کہنے کے لئے تیار ہے، میئر کراچی

پیر 26 مارچ 2018 22:17

کراچی اب ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو خوش آمدید کہنے کے لئے تیار ہے،  میئر کراچی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2018ء) میئرکراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فائنل کو یادگار اور کامیاب ایونٹ بنا کر کراچی کے شہریوں نے ثابت کردیا کہ وہ کرکٹ سے محبت کرتے ہیں، کراچی اب ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو خوش آمدید کہنے کے لئے تیار ہے، اس اہم ترین میچ نے کراچی کی رونقوں کو بحال کیا، تمام بلدیاتی اداروں نے فائنل میچ کے انعقاد میں بہترین خدمات انجام دیں اور یہ غیرمعمولی کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے،کراچی میں کھیل کے میدان اسی طرح آباد رکھیں گے، یہ بات انہوں نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل کے فائنل کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی،میئر کراچی نے نیشنل اسٹیڈیم میں حنیف محمد انکلوژر میں شائقین کے ساتھ بیٹھ کر میچ دیکھا اور ٹیموں کی حوصلہ افزائی کی ، بعدازاں فائنل کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو دوسری بار پی ایس ایل ٹائٹل جیتنے پر میئر کراچی نے مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ ہار اور جیت سے قطع نظرکرکٹ کے شائقین کے لئے یہ میچ انتہائی اہمیت کا حامل تھا اور اس میچ کے شاندار انعقاد میں ثابت کردیا کہ کراچی کے شہری کرکٹ کے کھیل کو نہ صرف سمجھتے ہیں بلکہ اس سے گہرا لگائو رکھتے ہیں اور ہر اچھے کھلاڑی کو اس کی پرفارمنس پر داد دیتے ہیں، ملک کے دوران اسٹیڈیم میں بڑی تعداد میں آئے ہوئے تماشائیوں نے جس نظم وضبط کا مظاہرہ کیا اس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں،پوری دنیا میں جہاں جہاں کرکٹ کھیلی اور دیکھی جاتی ہے اس سے ایک اچھا پیغام گیا ہے کہ کراچی ایک امن پسند اور کھیلوں سے محبت کرنے والا شہر ہے جہاں رہنے والے ہر مثبت اور صحت مند سرگرمی کو کامیاب بنانے میں اپنا حصہ ضرور ڈالتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی ماضی میں بھی بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی شاندار طریقے سے کرتا رہا ہے اور یہاں کرکٹ ورلڈ کپ کے میچز بھی شائقین نے نہایت نظم و ضبط کے ساتھ دیکھے اور تمام ٹیموں کو بھرپور حوصلہ افزائی کی ہے، کراچی شہر نے ایک بار پھر اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کے فائنل کو ایک یادگار اور تاریخی ایونٹ بنادیا ہے جس پر کراچی کے شہری اور پوری پاکستانی قوم مبارکباد سراہے جانے کی حقدار ہے، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ پی ایس ایل کی آمد سے شہر کی گہما گہمی اور رونق میں قابل دید اضافہ ہوا ہے اس ایونٹ نے کراچی کی ہر اکائی کو یکجا کردیا ہے ، انشاء اللہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کراچی آئے گی تو اس کا بھی بھرپور استقبال کریں گے انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی ہر ایک کے لئے خوشی کی بات ہے کراچی میں بیس سے پچیس سال بعد ایسی رونق دیکھنے میں آئی ہے اور کراچی کی خوبصورتی امڈ کر سامنے آرہی ہے، شہر کو صاف کرنے کے لئے حکمت عملی کے تحت تمام امور سرانجام دیئے گئے جس کے نتیجے میں کراچی میں پی ایس ایل فائنل کا کامیابی سے انعقاد ممکن ہوا، انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی کراچی میں بین الاقوامی کرکٹ ہوتی رہے گی اور شائقین کرکٹ کو اپنے من پسند کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملتا رہے گا۔

وقت اشاعت : 26/03/2018 - 22:17:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :