چیئرمین نجم سیٹھی کی زیر صدارت پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا 48 واں اجلاس

بورڈ آف گورنرز کی پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے کامیاب انعقاد پر پی سی بی کو مبارکباد

پیر 26 مارچ 2018 23:27

چیئرمین نجم سیٹھی کی زیر صدارت پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا 48 واں اجلاس
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بورڈ آف گورنرز کا 48 واں اجلاس پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی کی زیر صدارت پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈومسٹک، انٹرنیشنل اور وومن کرکٹ کے مختلف طریقوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ بورڈ آف گورنرز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کے کامیاب انعقاد اور کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں تاریخی فائنل میچ کروانے پر پی سی بی کی کارکردگی کو سراہا اور مبارکباد پیش کی۔

بورڈ آف گورنرز نے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے تین میچز ملک میں کروانے اور دوبئی و شارجہ میں لیگ میچز کی بے مثال کامیابی کے لئے چیئرمین اور پی سی بی ٹیم کی بھرپور کوششوں کو بھی تسلیم کیا۔

(جاری ہے)

بورڈ آف گورنرز نے پوری دنیا میں تسلیم کئے جانے والے پاکستانی برانڈ پی ایس ایل کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پی سی بی کی کاوشوں کی متفقہ طور پر حمایت کی۔

بورڈ آف گورنرز نے پی ایس ایل کے انفرااسٹرکچر کی ترقی اور ملک میں آئندہ سالوں میں بین الاقوامی کرکٹ کے منصوبوں کی بھی بھرپور حمایت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشنز اور غیر ملکی ٹیموں کے ملک میں کھیلے جانے والے میچز کے لئے اسٹیڈیمز کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا۔ بورڈ آف گورنرز کو آئندہ ہفتے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز کے ساتھ کھیلے جانے والے تین بین الاقوامی ٹی 20 میچوں کی سیریز کی تیاریوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین نے بورڈ آف گورنرز کو ڈومیسٹک کرکٹ کی ترقی کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔ اجلاس میں اراکین کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل اے ٹیم کو بحال کیا جائے گا اور آئندہ آنے والے مہینوں میں ٹیموں کے ملکی اور غیر ملکی دورے کے انتظامات کئے جائیں گے۔ پی سی بی نے ڈیپارٹمنٹس سے درخواست کی کہ وہ ملک بھر کے ریجنز میں صلاحیتوں کو بڑھانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں اور اپنے منصوبوں سے جلد انہیں آگاہ کریں۔

بورڈ آف گورنرز نے سری لنکا میں بین الاقوامی ایک روزہ میچوں کی سیریز میں کامیابی پر وومن کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ چیئرمین پی سی بی نے ملک میں پانچ وومن کرکٹ اکیڈمی قائم کرنے کے منصوبے پر بورڈ آف گورنرز کی کارکردگی کی تعریف کی۔ اکیڈمیز قائم کرنے کے لئے جگہوں اور ڈیولپمنٹ منصوبے کے بارے میں جلد آگاہی فراہم کر دی جائے گی۔ اجلاس میں پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی سمیت بورڈ آف گورنرز کے اراکین مراد اسمعیل، شاہریز عبداللہ خان، منصور مسعود خان، ڈاکٹر نجیب سمیع، عارف اعجاز، سید ابو احمد عکف، پی سی بی کے سی او او سبحان احمد، سی ایف او بدر احمد خان، ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کوآرڈینیشن امجد حسین اور سیکریٹری بورڈ سلمان نصیر نے شرکت کی۔
وقت اشاعت : 26/03/2018 - 23:27:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :