شائقین کرکٹ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے ٹکٹوں کی قیمت نصف کرنے کا پی سی بی کا فیصلہ مستحسن قرار دیدیا

منگل 27 مارچ 2018 12:42

لاہور۔27 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2018ء) شائقین کرکٹ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لئے ٹکٹوں کی قیمت نصف کرنے کے پی سی بی کے فیصلہ کو مستحسن قرار دیا ہے۔شائقین رانا شبیر ،معمر ،سنی ،عتیق نے یہاں میڈیا کو بتایا کہ ٹکٹ مہنگے ہونے کی وجہ سے اکثر تماشائی میچ دیکھنے سے محروم رہ جاتے تھے لیکن اب ٹکٹوں کی قیمت کم ہونے سے سٹیڈیمز میں تماشائیوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد میچز دیکھ سکے گی۔

متوسط طبقہ کے لوگ بھی میچ کے ٹکٹ خرید سکیں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کیلئے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے، نیشنل اسٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں یکم، 2 اور 3 اپریل کو میچ کھیلیں گی، تمام انکلوژرز کے ٹکٹ نجی کورئیر کمپنی کی ویب سائٹ پربک کرائے جاسکتے ہیں۔ جنرل انکلوژر کا ٹکٹ ایک ہزار کے بجائے 500 جبکہ 8 ہزار روپے والا 4 ہزار اور 4 ہزار روپے والا 2 ہزار روپے میں دستیاب ہے، وی آئی پی ٹکٹ 12 ہزار کے بجائے 6 ہزار روپے میں دستیاب ہے ۔اس سے قبل کراچی میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل میچ کے ٹکٹ ایک ہزار، 4 ہزار، 8 ہزار اور 12 ہزار میں فروخت کیے گئے تھے۔
وقت اشاعت : 27/03/2018 - 12:42:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :