وزیر اعلی سندھ کی زیر صدارت پاکستان ویسٹ انڈیزکے درمیان ہونے والے کرکٹ میچز کے انتظامات کا جائزہ اجلاس

جمعرات 29 مارچ 2018 23:33

وزیر اعلی سندھ کی زیر صدارت پاکستان ویسٹ انڈیزکے درمیان ہونے والے کرکٹ میچز کے انتظامات کا جائزہ اجلاس
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2018ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت پاکستان ویسٹ انڈیزکے درمیان ہونے والے کرکٹ میچز کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ حکام کو فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں صوبائی وزرا،جام خان شورو، سید ناصر شاہ، ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید، آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ، وزیر اعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت، سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز، ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

وزیر اعلی سندھ نے اجلاس کے تمام شرکاء اور دیگر متعلقہ اداروں اور افسران کو پی ایس ایل کے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ آپ سب کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ ثابت کردیاہے کہ ہم اس شہر میں اور صوبے میں کہیں بھی بہترین ایونٹس منعقد کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے پاکستان کی کامیابی ہے۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ پی ایس ایل کے انتظامات شاندار تھے مگر اس مرتبہ ہمیں انہیں مزید بہتر بنانا ہے تاکہ توقعات پر پورا اترا جاسکے۔

ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید کی سفارشات پر وزیر اعلی سندھ نے مختلف ٹاکس کے انچارجوں کو نامزد کیا۔ڈی آئی جی سائوتھ ہوٹل سیکورٹی کے انچارج ہوں گے۔ ڈی آئی جی ٹریفک ٹریفک روٹس کے انچارج ہوں گے۔ ڈی سی شرقی پارکنگ اقدامات کے انچارج ہوں گے۔ اس بات کا بھی فیصلہ کیاگیا کہ اس مرتبہ پینے کے پانی کا وافر مقدار میں بندوبست کیا جائے گا۔

پی سی بی نے مزید فوڈ اسٹالز کے انتظامات کرنے پر بھی زور دیاہے۔وزیر اعلی سندھ کو بتایا گیا کہ میچ شام 7:30 بجے تا 8:00 بجے تک شروع ہوسکے گا۔ اس پر وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ ان دنوں میں میٹرک کے امتحانات بھی شروع ہورہے ہیں لہذا طلبا کے امتحانی مراکز میں پہنچنے کے حوالے سے سہولیات پہنچانے کے لیے بھی تمام تر ضروری اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہاکہ 3روزہ میچوں کے باعث کچھ سڑکیں بند ہوسکتی ہیں مگر سڑکوں کی اس بندش سے امتحانات کا عمل کسی صورت بھی متاثر نہیں ہونا چاہیے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پارکنگ کے لیے اسٹیکرز مختلف دنوں کے حوالے سے مختلف ہوں گے۔ ہر ایک دن کے لیے کلر اسکیم مختلف ہو گی اور اسٹیکرز میں پارکنگ کا مقام بھی شامل ہوگا۔وی وی آئی پی اسٹیکر بھی مختلف رنگوں میں ہوں گے۔وزیر اعلی سندھ نے کم سے کم وی وی آئی پی اسٹیکر جاری کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے وی وی آئی پی کلچر کی حوصلہ شکنی کرنی ہے ۔

تمام شرکاء نے بھی وزیر اعلی سندھ کو پی ایس ایل میچز میں ذاتی طورپر دلچسپی لینے اور اسے ایک تاریخی ایونٹ بنانے پر مبارک باد دی اور کہا کہ اب اس ایونٹ کو بھی ہم ایک تاریخی ایونٹ بنائیں گے۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ یہ سندھ کے اور پاکستان کے لوگوں کی کامیابی ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ ملک میں واپس آئی۔ وزیر اعلی سندھ نے صوبائی وزیر بلدیات کو ہدایت کی کہ وہ میئر کراچی کے ساتھ رابطہ میں رہیں اور شہر کو کرکٹرز کی تصاویر کے ساتھ سجایا جائے۔
وقت اشاعت : 29/03/2018 - 23:33:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :