انگلش ٹیم آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 307 رنز پر آئوٹ، جونی بیئرسٹو کی شاندار سنچری، سائوتھی کی 6 اور بولٹ کی 4 وکٹیں، نیوزی لینڈ کی ٹیم مشکلات سے دوچار، 192 رنز پر 6 وکٹیں گر گئیں، 36 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد واٹلنگ اور گرینڈ ہوم نے چھٹی وکٹ میں 142 رنز کی قیمتی شراکت بنا کر ٹیم کو تباہی سے بچایا، گرینڈہوم 72 رنز بنا کر آئوٹ، واٹلنگ 77 رنز بنا کر ناقابل شکست، براڈ کی 4 وکٹیں

ہفتہ 31 مارچ 2018 14:27

کرائسٹ چرچ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2018ء) بی جے واٹلنگ اور کولن ڈی گرینڈ ہوم نے مشکل وقت میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کر کے نیوزی لینڈ کو مکمل تباہی سے بچا لیا، میزبان ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنا لئے تھے اور اسے مہمان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 115 رنز درکار ہیں، کیویز کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 36 کے سکور پر اس کے 5 مستند کھلاڑی آئوٹ ہو گئے تھے، اس موقع پر واٹلنگ اور گرینڈ ہوم نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ میں 142 رنز کی قیمتی شراکت جوڑ کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، گرینڈ ہوم 72 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے لیکن واٹلنگ 77 رنز بنا کر ڈٹے ہوئے ہیں، براڈ نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، دریں اثناء انگلش ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 307 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی تھی، بیئرسٹو 101 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، ٹم سائوتھی نے 6 اور ٹرینٹ بولٹ نے 4 وکٹیں لیں۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو کرائسٹ چرچ کے دوسرے روز انگلش ٹیم نے 290 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو بیئرسٹو 97 اور جیک لیچ 10 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں کھلاڑی سکور میں 17 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد آئوٹ ہو گئے، بیئرسٹو نے شاندار سنچری سکور کی اور 101 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ لیچ 16 رنز بنا کر چلتے بنے، سائوتھی نے 6 اور بولٹ نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 36 کے سکور پر اس کے ابتدائی 5 کھلاڑی آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، جیت راول 5، ٹام لیتھم صفر، کپتان کین ولیمسن 22، روز ٹیلر 2 اور ہنری نیکولز بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، اس موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ کیویز 100 رنز کا ہندسہ عبور نہیں کر سکیں گے تاہم واٹلنگ اور گرینڈ ہوم انگلش بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ میں 142 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا، اسی دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں، 178 کے مجموعی سکور پر براڈ نے گرینڈہوم کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ ڈالی، گرینڈ ہوم نے 72 رنز بنائے، اس کے بعد سائوتھی نے واٹلنگ کا ساتھ دیا، خراب روشنی کے باعث دوسرے روز جب کھیل کو ختم کیا گیا تو کیویز نے 6 وکٹوں پر 192 رنز بنا لئے تھے اور اسے انگلینڈ کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 115 رنز کی ضرورت ہے، واٹلنگ 77 اور سائوتھی 13 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، براڈ نے 4 اور جیمز اینڈرسن نے 2 وکٹیں لیں۔

وقت اشاعت : 31/03/2018 - 14:27:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :