شاداب خان اور چیڈوک والٹن کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل

بدھ 4 اپریل 2018 16:29

شاداب خان اور چیڈوک والٹن کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4اپریل 2018ء)قومی ٹیم کے لیگ سپنر شاداب خان کی ویسٹ انڈیز بلے باز چیڈوک والٹن کے ساتھ خوشگوار موڈ میں تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے ۔تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میں کامیابی کے بعد لیگ سپنر نے سوشل میڈیا پر مہمان بیٹسمین کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ”میدان میں جو کچھ ہوتا ہے وہ میدان میں ہی رہتا ہے، چیڈوک والٹن آپ کا اور پوری ویسٹ انڈین ٹیم کا پاکستان آکر 9 سال بعد کراچی میں پہلی انٹرنیشنل سیریز کھیل کر تاریخ رقم کرنے پر شکریہ۔

(جاری ہے)

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے بھی شاداب اور چیڈوک والٹن کی تصویر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ” سپرٹ آف کرکٹ “ ۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں شاداب خان نے مہمان ٹیم کے اوپنر چیڈوک والٹن کو بولڈ کرنے کے بعد ان کی جانب انگلی سے اشارہ کیا تھا اور نامناسب جملے بھی کہے تھے، فیلڈ امپائر شوذب رضا اور احمد شہاب کی جانب سے لیگ سپنر کو میچ ریفری کو رپورٹ کیا گیا جس کے بعد آئی سی سی میچ ریفری ڈیوڈ بون نے شاداب خان پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا،شاداب خان نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے سزا کو قبول کر لیا تھا۔
وقت اشاعت : 04/04/2018 - 16:29:39