سٹار سپورٹس انڈیا نے 944 ملین ڈالرز کے عوض آئندہ پانچ برس کیلئے بھارتی کرکٹ کے نشریاتی حقوق خرید لئے

جمعرات 5 اپریل 2018 22:32

سٹار سپورٹس انڈیا نے 944 ملین ڈالرز کے عوض آئندہ پانچ برس کیلئے بھارتی کرکٹ کے نشریاتی حقوق خرید لئے
ممبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2018ء) سٹار سپورٹس انڈیا نے 944 ملین ڈالرز کے عوض آئندہ پانچ برس کیلئے بھارتی کرکٹ کے نشریاتی حقوق خرید لئے۔ سٹار سپورٹس انڈیا 2018ء سے 2023ء کے دوران مینز ٹیم کے 102 انٹرنیشنل میچز نشر کرے گا، گزشتہ 6 سالہ دورانیے کی بہ نسبت اس بار انٹرنیشنل میچز کی تعداد میں 6 میچز کا اضافہ ہوا ہے، 2012ء سے 2018ء کے دوران 96 میچز نشر کرنے کا معاہدہ ہوا تھا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ کے نشریاتی اور ڈیجیٹل حقوق کیلئے بولی کا آغاز 3 اپریل کو ہوا تھا، پہلی مرتبہ حقوق کیلئے ای آکشن کا طریقہ کار استعمال کیا گیا۔ جمعرات کو بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بھارتی بورڈ نے 944 ملین ڈالرز کے عوض بھارتی کرکت کے نشریاتی اور ڈیجیٹل حقوق سٹار سپورٹس انڈیا کو فروخت کر دیئے ہیں، ہر میچ پر 60.1 کروڑ بھارتی روپے لاگت آئے گی، حقوق میں اس کے علاوہ مینز ڈومیسٹک میچز اور بھارتی ویمن ٹیم کے انٹرنیشنل میچز بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ سٹار سپورٹس انڈیا نے گزشتہ سال ستمبر میں 2.55 بلین ڈالرز کے عوض 2018ء سے 2022ء تک آئی پی ایل کے نشریاتی حقوق بھی حاصل کر رکھے ہیں۔
وقت اشاعت : 05/04/2018 - 22:32:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :