بھارت کے خلاف بہترین کھیل کا مظاہرکرکے روایتی حریف کی یقینی جیت کی امیدوں کو قومی ہاکی ٹیم نے خاک میں ملادیا ،

قومی ہاکی کا مستقبل روشن ہے اور وہ دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے،سید عابد قادری

ہفتہ 7 اپریل 2018 13:58

لاہور۔7 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2018ء) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر و کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی دستے کے عہدیدار کیپٹن (ر) سید محمد عابد قادر ی نے کہا ہے کہ پاکستان کے بھارت کے خلاف ہونے والے میچ میں قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے جس شاندار پرفارمنس سے میچ دو دو گول سے برابر کیا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ قومی ہاکی کا مستقبل روشن ہے اور وہ دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔

آسٹریلیا سے فون پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ بھارت کی ٹیم کا عالمی رینکنگ میں چھٹا اور پاکستان کا تیرھواں نمبر ہے اور میچ سے قبل بھارت کی ٹیم کو فیورٹ قرار دیا جارہا تھا لیکن گرین شرٹ نے اپنے جذبہ اور پرفارمنس کی بنیاد پر ماہرین کے اندازوں کو غلط ثابت کردیا اور بھارت کے خلاف بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور بھارت کی یقینی جیت کی امیدوں کو خاک میں ملادیا ۔

(جاری ہے)

پاکستانی کھلاڑیوں نے ایک گول کے خسارے کے باوجود کھیل کے آخری لمحات تک امید کا دامن نہ چھوڑا اور آخری سیکنڈ میں بھارت کے خلاف گول کرکے میچ 2-2سے برابر کردیا ۔انہوں نے کہاکہ میچ کے وقت دیگر کھیلوں کے پاکستانی کھلاڑی اور آفیشلز قومی ہاکی ٹیم کو حوصلہ بڑھانے کے لئے سٹیڈیم میں موجود تھے اور انہوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاکر قومی ہاکی ٹیم کا جذبہ بڑھایا ۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ قومی ہاکی ٹیم آئندہ میچز میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی ۔
وقت اشاعت : 07/04/2018 - 13:58:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :