ایشین کرکٹ کونسل کا اہم اجلاس (کل)ملائیشیاء میں منعقد ہوگا ،تین بڑے ٹورنامنٹس کے میزبان ملک کا فیصلہ ہوگا

بھارت نے اجلاس میں نمائندگی کی تصدیق کی ہے ،ٹورنامنٹس کی میزبانی کس ملک کو دی جائے اس بارے ایجنڈا زیر بحث ہوگا‘ نجم سیٹھی

اتوار 8 اپریل 2018 12:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2018ء) ایشین کرکٹ کونسل کا اہم اجلاس کل ( منگل ) کو ملائیشیاء میں منعقد ہوگا ، اجلاس میں اس سال ہونے والے تین بڑے ٹورنامنٹس ایشیا ء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ، ایمرجنگ ایشین کرکٹ ٹورنامنٹ اور ایشیا ء کپ انڈر 19 کے میزبان ملک کا فیصلہ ہونا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ جو اے سی سی کے صدر بھی کی صدارت میں کل منگل کو منعقد ہوگا جس میں چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد بھی شرکت کریں گے۔

اجلاس میں رکن ممالک کے عہدیداران شریک ہوں گے ۔نجم سیٹھی نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ اجلاس کے ایجنڈے میں یہ شامل ہے کہ ٹورنامنٹس کی میزبانی کس ملک کو دی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت نے تصدیق کی ہے کہ اجلاس میں ان کی نمائندگی بھی ہوگی۔

(جاری ہے)

گزشتہ برس نومبر میں لاہور میں پاکستان اور سری لنکا کے ٹی ٹونٹی میچ کے موقع پر پر نجم سیٹھی نے سری لنکن بورڈ کے سربراہ کے ساتھ پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ اپریل میں پاکستان ایمرجنگ ایشین کپ کی میزبانی کرے گا لیکن بھارت نے اپنی جونیئر ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد ٹورنامنٹ کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔

بھارت نے ستمبر میں سینئر ٹیموں کے ایشیا کپ کی میزبانی کرنی ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کا موقف ہے کہ اگر بھارت اپنی جونیئر ٹیم پاکستان نہیں بھیجتا تو پاکستان بھی ایشیا ء کپ کھیلنے سے انکار کردے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی سخت موقف کے ساتھ ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں شرکت کر ے گا۔ ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں اس سال ہونے والے ٹورنامنٹس کے بارے میں فیصلہ ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کو ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں بنگلہ دیش کی حمایت حاصل ہوگی تاہم پاکستان کوشش کرے گا کہ بھارت کو کنٹرول کیا جائے اور ایشین ٹورنامنٹس کی میزبانی کے حوالے سے ایسی پالیسی بنائی جائے کہ تمام ملکوں کو ٹورنامنٹس کی میزبانی کے مساوی مواقع مل سکیں۔
وقت اشاعت : 08/04/2018 - 12:40:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :