فواد عالم کا دورہ انگلینڈ،آئر لینڈ ؛قومی ٹیم میں شمولیت کا امکان نہ ہونے کے برابر

منگل 10 اپریل 2018 14:34

ْلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اپریل2018ء)ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم کو ایک بار پھر نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی سیر کراکے گھر واپس بھیجنے کی تیاریاں ہونے لگیں۔ذرائع کے مطابق 2009ء میں دورہ سری لنکا کے دوران اپنے ٹیسٹ ڈیبیو پر 168کی اننگز کھیلنے والے فواد عالم بعد ازاں صرف 2 ٹیسٹ میچز کھیلنے کے بعد ٹیم سے ایسے باہر ہوئے کہ دوبارہ اس فارمیٹ کی کرکٹ میں نظر نہیں آئے۔

مئی 2016ء میں دورہ انگلینڈ سے قبل کاکول اکیڈمی میں آرمی ٹرینرز کے زیر نگرانی کیمپ ہوا تو یونس خان،مصباح الحق اور شان مسعود کے ساتھ فواد عالم بھی سپر فٹ کرکٹرز کی فہرست میں شامل تھے،اس کے باوجود دورہ انگلینڈ کیلئے کسی سکواڈ میں جگہ نہیں بنا سکے۔یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد سری لنکا کیخلاف سیریز میں پاکستانی ٹیم دونوں ٹیسٹ ہارگئی اور یواے ای کے مضبوط قلعے میں پہلی بار اتنا بڑا شگاف پڑنے کے بعد نومبر میں فواد عالم کو اچانک نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بلایا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکٹرزنے میڈیااورشائقین کی تنقیدکے بعد صرف دباؤکم کرنے کیلئے انھیں اکیڈمی بلایا ہے اور آئرلینڈ کیخلاف ایک اور انگلینڈ میں 2ٹیسٹ میچز کیلئے سکواڈ میں ان کی جگہ بننے کا امکان کم نظر آ رہا ہے،اس بات کا قومی امکان موجود ہے کہ فٹنس کی جانچ اور کیمپ کے مراحل32سالہ بیٹسمین کیلئے محض رسمی کارروائی ثابت ہوںگے۔
وقت اشاعت : 10/04/2018 - 14:34:07