بینظیر بھٹو نے اپنی زندگی اس ملک کے لئے قربانی کردی، بلاول بھٹو زرداری سے پاکستان کے لوگوں کو بہت زیادہ امیدیں ہیں، شاہد خان آفریدی

اب تھر کے بچے بھی کرکٹ کھیلیں گے، تھرپارکر سہرا ولیج میں تھرکول فیلڈ بلاک ٹو کے متاثرہ افراد کے لئے ہائوسنگ اسکیم شروع کرنے سے متعلق پروگرام سے خطاب

بدھ 11 اپریل 2018 22:44

بینظیر بھٹو نے اپنی زندگی اس ملک کے لئے قربانی کردی، بلاول بھٹو زرداری سے پاکستان کے لوگوں کو بہت زیادہ امیدیں ہیں، شاہد خان آفریدی
کراچی + تھرپارکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2018ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈ اسٹار کرکٹر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی زندگی اس ملک کے لئے قربانی کردی، بلاول بھٹو زرداری سے پاکستان کے لوگوں کو بہت زیادہ امیدیں ہیں، اب تھر کے بچے بھی کرکٹ کھیلیں گے ۔ان خیالات کا اظہار ا نہوں نے بدھ کو سہرایو ولیج میں تھر کول فیلڈ بلاک ٹو کے متاثرہ افراد کے لیے ہائوسنگ اسکیم شروع کرنے سے متعلق منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرپاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر اور ایس ای سی ایم سی کے شمس الدین شیخ، سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو ، صوبائی وزرا اور منتخب نمائندوں سمیت عوام کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

شاہد خان آفریدی نے اپنے میں کہا کہ اپنی کرکٹ کی اننگ کی طرح وہ پروگرام میں موجود لوگوں کا زیادہ وقت نہیں لیں گے۔

انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر اعلی سندھ کو تھر ایئر پورٹ کی تعمیر اور ترقیاتی کام کرانے پر مبارکباد دی ۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو ایک عظیم رہنما شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے صاحبزادے ہیں جنہوں نے اپنی زندگی اس ملک کے لیے قربان کردی لہذا پاکستان کے لوگوں کو ان سے (بلاول بھٹو)سے بہت زیادہ امیدیں ہیں۔شاہد آفریدی نے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر اور ایس ای سی ایم سی کے شمس الدین شیخ کوتھر میں اسپتال کی تعمیر کے لیے 100 ملین روپے کا چیک بھی پیش کیا۔

شاہد آفریدی نے اپنے اختتامی کلمات میں کہا کہ اب تھر کے بچے بھی کرکٹ کھیلیں گے اور میں آپ کے ساتھ کرکٹ کھیلوں گا۔قبلِ ازیں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مائی بختاور ایئرپورٹ پر افتتاحی لینڈنگ کی،یہ ایئر پورٹ 2.2 بلین روپے کی لاگت سے تعمیر ہوا ہے اور اس سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو سہولت میسر آئے گی۔ایئرپورٹ پر وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے چند کابینہ نے اراکین بشمول نثار کھڑو ، ناصر شاہ ، ڈاکٹر کھٹو مل، سینیٹر کرشنا کماری،ایم پی اے ڈاکٹر مہیش اور مقامی رہنمائوں کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔

واضح رہے کہ تھر ایئر پورٹ مائی بختاور کے نام سے منسوب کیاگیا ہے جوکہ پہلی خاتون کسان رہنما تھیں جنہوں نے کسانوں کے حقوق کے لیے جنگ لڑی۔ان کی جدوجہد کا آغاز 1898 میں ہوا اور انہوں نی20جون 1947 کو تھر میں پہلی ھاری کانفرنس منعقد کی اور کسانوں کو بولنے کے لیے زبان دی اور ان کے مصائب پر روشنی ڈالی۔ان کی کانفرنس کے دو دن کے بعد ہی ایک مقامی زمیندار نے انہیں گولی ماردی تھی۔

ایئر پورٹ کا نام ان کے نام سے مائی بختاور سے منسوب کیاگیا ہے جوکہ کسانوں کے حقوق کے لیے خواتین کی جدوجہد کی علامت تھیں ۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلی سندھ نے ایئر پورٹ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔یہ ایئر پورٹ تمام ضروری آلات اور جدید سہولیات سے آراستہ ہے۔وی آئی پی لائونج میں وزیر اعلی سندھ نے چیئرمین کو اپنی حکومت کی ترقیاتی کاموں سے متعلق بریفنگ دی۔

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ صحت کے شعبے میں نمایاں کاوشیں کی گئی ہیں اور مقامی کمیونٹی کو ان کے قریبی پوائنٹ پر صحت کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ آر ایچ سی کو تعلقہ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں کی سطح پر اپ گریڈ کیاگیا ہے جس پر 292.4ملین روپے لاگت آئی ہے۔ اسلام کوٹ میں رورل ہیلتھ سینٹر ز کو بیسک ہیلتھ یونٹس کی سطح پر اپ گریڈ کیاگیاہے۔

یہ اسکیمیں 120 ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہوئی ہیں ۔مراد علی شاہ نے چیئرمین کو بتایا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے آر او پلانٹس ٹینکس/ ریزوائرس کی تعمیر مکمل کی ہے اور 485ملین روپے کی لاگت سے مٹھی میں پانی کی سب فراہمی کی لائنیں بھی بچھائی ہیں۔ پانی کی فراہمی کی لائنوں سے پورے مٹھی کے لوگوں کو مناسب طریقے سے پانی فراہم ہورہا ہے۔

یہ پانی بغیر کسی قیمت کے مفت فراہم کیاجاتاہے۔مائی بختاور ایئرپورٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ اس ایئر پورٹ کی پلاننگ ، ڈیزائننگ اور تعمیر پر 2.2بلین روپے لاگت آئی ہے۔یہ پہلا ایئر پورٹ ہے جو کہ صوبائی حکومت نے اپنے اخراجات سے تعمیر کیاہے۔ اس سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو کوئلے کی کھدائی اور پاور پروجیکٹس کے لیے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی آمد اور روانگی کے حوالے سے انقلابی سہولت میسر آئے گی۔

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ دورہ کرنے والے سرمایہ کاروں کے لیے 80ملین روپے کی لاگت سے فائیو اسٹار کی سطح کاتھر لائونج بھی تعمیر کیاگیاہے۔یہ لائونج سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی (ایس ای سی ایم سی) مناسب طریقے سے دیکھ بھال کررہی ہے جوکہ سندھ حکومت کی تھر کی ترقی میں ایک شراکت دار ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام کوٹ تا تھر کول فیلڈ بلاک V- چھ کلومیٹر سڑک 202ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے اس کے ساتھ ساتھ 424ملین روپے کی لاگت سے اسلام کوٹ تا جھانگرا اور تھریو آلے پوٹا تا جنڈائو درس اپروچنگ سڑک تعمیر کی گئی ہے ۔

اس کے علاوہ اسلام کوٹ تا ننگر پارکر تا تھر کول بلاک ون 10کلومیٹر سڑک کی ایک اسکیم 764ملین روپے کی لاگت سے مکمل کی گئی ہے ۔تھر ایئر پورٹ تا اسلام کوٹ سڑک کی بحالی کا کام 1200ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔اسلام کوٹ تا تھر کول فیلڈ بلاک VIII-، IX اور X تا ننگر پارکر سڑک 6.5بلین روپے کی لاگت سے مکمل کی گئی ہے۔ڈیپلو ۔ اسلام کوٹ تا کنری براہ ویئر تعلقہ ڈیپلو 10 کلو میٹر کی ایک اور سڑک 178ملین روپے کی لاگت سے مکمل کی گئی ہے۔
وقت اشاعت : 11/04/2018 - 22:44:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :