کامن ویلتھ گیمز سے مزید 5 افریقی ایتھلیٹ لاپتہ ہوگئے ،تعداد 13ہوگئی

سیرا لیون سے تعلق رکھنے والے 2 اسکواش کے کھلاڑی بھی لاپتہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل

جمعہ 13 اپریل 2018 16:10

کوئنز لینڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اپریل2018ء)ایک دن قبل کیمرون کے 8 کھلاڑیوں کے لاپتہ ہونے کے بعد کامن ویلتھ گیمز سے مزید 5 افریقی ایتھلیٹ بھی لاپتہ ہو گئے ہیں۔آسٹریلین ریاست کوئنز لینڈ میں جاری کولڈ کوسٹ کامن ویلتھ گیمز کے منتظمین نے تصدیق کی کہ روانڈا اور یوگنڈا سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹس لاپتہ ہو گئے ہیں جبکہ سیرا لیون سے تعلق رکھنے والے 2 اسکواش کے کھلاڑی بھی لاپتہ ہونے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

کامن ویلتھ گیمز فیڈریشن کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ گریوم برگ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم معاملے کو بہت احتیاط سے دیکھ رہے ہیں، ہمارے پاس ان تمام لوگوں کے لیے سروس ہے جن کے پاس اس ملک میں رہنے کے لیے قانونی ویزا موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب تک یہ مسئلہ صحیح ثابت نہیں ہوتا اس وقت تک ہمیں یہ دیکھنا ہو گا کہ ایتھلیٹ ویزا ختم ہونے کے بعد بھی رکتے ہیں یا نہیں اور آیا وہ پناہ گزین کی درخواست تو نہیں دیتے، ہمیں صورتحال کا بغور جائزہ لینا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ ایتھلیٹس کی کھوج لگانے میں ٹیموں کی مدد کریں۔یاد رہے کہ 2000 کے سڈنی اولمپکس میں شریک 100 سے زائد غیر ملکی ایتھلیٹ اپنا ویزا ختم ہونے کے باوجود آسٹریلیا میں رک گئے تھے۔ کامن ویلتھ گیمز میں آنے والے ایتھلیٹس کے ویزوں کی مدت 15 مئی کو ختم ہو جائے گی۔تنازعات کا شکار 24 ارکان پر مشتمل کیمرون کے 5 باکسرز اور 3 ویٹ لفٹرز سمیت 8 ایتھلیٹ بدھ کو لاپتہ ہو گئے تھے جس کے بعد سے سرحدی فورسز سمیت دیگر متعلقہ ادارے ان کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔۔
وقت اشاعت : 13/04/2018 - 16:10:06