سابق کپتان شاہد آفریدی کی عظیم گول کیپر منصور احمد سے ملاقات،مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی

ہفتہ 14 اپریل 2018 16:43

سابق کپتان شاہد آفریدی کی عظیم گول کیپر منصور احمد سے ملاقات،مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14اپریل 2018ء)قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راﺅنڈر شاہد آفریدی نے سابق عظیم گول کیپر منصور احمد کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔1994 ءکے ہاکی ورلڈ کپ کے فائنل میں ہالینڈ کے خلاف پینالٹی سٹروک پر شاندار گول کیپنگ کے ذریعے پاکستان کو چیمپئن بنوانے والے سابق گول کیپر گزشتہ ماہ سے دل کے عارضے کا شکار ہیں اور ڈاکٹروں نے انہیں علاج کیلئے بیرون ملک جانے کا مشورہ دیا ہے،سابق گول کیپر کی حالت انتہائی نازک ہے اور اس وقت ان کا دل صرف 20 سے 30 فیصد کام کر رہا ہے اور جسم کے دیگر اعضا بھی بتدریج کام کرنا چھوڑتے جا رہے ہیں،انہیں 18 دن قبل مقامی ہسپتال کے آئی سی یو میں منتقل کیا گیا تھا اور ان کے بل کی مد میں پانچ لاکھ روپے ان کے ادارے کسٹم اور بقیہ 10لاکھ روپے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ادا کیے تھے۔

(جاری ہے)

منصور احمد شدید بیماری کے ساتھ ساتھ مالی طور پر بھی انتہائی پریشان ہیں اور ان کے اہل خانہ نے متعلقہ اداروں اور وزیر اعظم پاکستان سے بھی اس سلسلے میں مدد کی درخواست کی تھی جس کے بعد قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اس سلسلے میں آگے آتے ہوئے ان کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا اور اعلان کیا کہ منصور احمد کے علاج کے تمام تر اخراجات شاہد آفریدی فاﺅنڈیشن برداشت کرے گی۔

شاہد آفریدی نے اب کراچی میں منصور احمد سے ملاقات کرکے ان کی صحت یابی کی دعا کی ۔ اپنے ایک ٹویٹ میں آفریدی کا کہنا تھا کہ ” آج میں نے اپنے ہاکی لیجنڈ اور اولمپیئن منصور احمد کی عیادت کی اور قومی ہیرو کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ،مجھے بہت خوشی ہے کہ وہ دن بدن صحت یاب ہوتے جارہے ہیں اور میں ان کی تیز اور مکمل صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں،شاہد آفریدی فاﺅنڈیشن ہمارے لیجنڈ کا ہر طرح سے خیال رکھے گی‘‘۔
وقت اشاعت : 14/04/2018 - 16:43:37