ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے اکیڈمی کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے ،ْصباء شمیم جدون

منگل 17 اپریل 2018 15:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء) پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن (خواٹین ونگ) کی چیئرپرسن صباء شمیم جدون نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کیلئے اکیڈمی کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے ۔وہ گذشتہ روز پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں اسوا فٹ بال اکیڈمی کے زیراہتمام انڈر 14 فٹ بال ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ ایسے کھیلوں کے مقابلوں سے ہماری نوجوان نسل کو کئی مختلف معاشرتی برائیوں سے بچایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی اکیڈمیز کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے اورحکومت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں ضلعی سطح پر اکیڈمیز کا قیام عمل میں لایا جائے اور ان اکیڈمیز میں سات سال کی عمر تک کے بچوں کو کھیلوں میں تربیت دی جائے۔

(جاری ہے)

صباء شمیم جدون نے کہا کہ کسی بھی ملک کھیلوں کی ترقی میں تعلیمی اداروں کا بہت اہم کردار ہوتا ہے لیکن ہماری بدقسمتی کہ ہمارے ہاں ایسا نہیں ہورہا ہے جس کی وجہ ملک میں کھیلوں کا معیار دن بدن گرتا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے ریسلنگ اور ویٹ لیفٹنگ کے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کھلاڑی ہمارا اثاثہ ہیں اور حکومت جلد ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ان کو اعزازت سے نوازے۔
وقت اشاعت : 17/04/2018 - 15:52:42