لاہور ،ڈار ہاکی اکیڈمی کے زیراہتمام نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں نئے کھلاڑیوں میں ہاکی شوز اور ہاکیاں تقسیم کرنے کی تقریب،

قومی سینئر اور جونیئر کھلاڑیوںکو کیش انعامات دیئے گئے

ہفتہ 21 اپریل 2018 21:04

لاہور ،ڈار ہاکی اکیڈمی کے زیراہتمام نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں نئے کھلاڑیوں میں ہاکی شوز اور ہاکیاں تقسیم کرنے کی تقریب،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2018ء) ڈار ہاکی اکیڈمی کے زیراہتمام نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں نئے کھلاڑیوں میں ہاکی شوز اور ہاکیاں تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی۔ اس موقع پر ڈار ہاکی کی طرف سے قومی سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں میں کیش انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی مینجنگ ڈائریکٹراکلوتا ٹریولز ذیشان چودھری تھے۔

اس موقع پر ڈار ہاکی اکیڈمی کے صدر توقیر ڈار، سیکرٹری عرفان ضیاء، کینڈین نیشنل ہاکی ٹیم کی کھلاڑی ریون ، ہیڈ کوچ دانش کلیم، کوچز اعجاز احمد، سلطان اشرف اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ڈار ہاکی اکیڈمی کے صدر توقیر ڈار کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ کھلاڑیوں زیادہ مواقع فراہم کریں پھر جب وہ ملک کی نمائندگی کرکے واپس آئیں تو ان کو سپورٹ بھی کریں۔

(جاری ہے)

ہمارے تین لڑکے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی طرف سے آسٹریلیا میں ہاکی لیگ کھیلنے گئے ہیں جن میں اسد، آصف حنیف اور وسیم اکرم شامل ہیں۔ چار لڑکے جونیئر ٹیم کی نمائندگی کرنے کیلئے ایک دو دن میں روانہ ہو رہے ہیں۔ ایک سینئر کھلاڑی قومی ٹیم کی نمائندگی کرکے واپس آیا ہے۔ توقیر ڈار کی طرف سے سینئر ٹیم میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے کیلئے رانا سہیل ریاض کو 15 ہزار روپے، حافظ حماد،مرتضیٰ، اویس رشیداور وقاص بٹ کو پانچ پانچ ہزار روپے کیش انعام دیا گیا۔

توقیر ڈار نے کھلاڑیوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ڈار ہاکی اکیڈمی کے کھلاڑی ملک کا نام دنیا بھرمیں روشن کریں گے۔ اس موقع پر پاکستان بھر سے اکیڈمی میں نئے کھلاڑیوں میں ہاکی سٹکز اور نئے ہاکی شوز بھی تقسیم کیے گئے۔ واضح رہے کہ اس وقت ڈار ہاکی اکیڈمی میں 120 سے زائد کھلاڑی مختلف ایجرگروپس میں کھیل رہے ہیں۔ جن میں سے لاہور سے باہر رہنے والے کھلاڑیوں کی تعلیم اور رہائش بھی ڈار ہاکی اکیڈمی کے ذمے ہے۔
وقت اشاعت : 21/04/2018 - 21:04:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :